Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس: امریکہ میں فائزر ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری

صدر ٹرمپ نے ویکسین کی فوری منظوری دینے کے لیے زور دیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ میں ادویات کو ریگولیٹ کرنے والی اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے فائزر اور بائیوٹیک کی بنائی گئی ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایف ڈی اے نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ امریکہ میں کورونا کی ویکسین کی ایمرجنسی میں منظوری دی گئی۔
ایف ڈی اے کے چیف سائنٹسٹ ڈینیز ہنٹن نے فائزر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو ایک خط میں بتایا ہے کہ ان کی ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ویکیسن کی پہلی خوراک اگلے 24 گھنٹے سے کم وقت میں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ فائزر کی ویکسین کے استعمال کی سب سے پہلے منظوری برطانیہ نے دی تھی جہاں اس کی پہلی خوراک مریضوں اور عمر رسیدہ افراد کو دی جا چکی ہے۔
صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز امریکہ کے ڈرگ ریگولیٹر پر زور دیا تھا کہ وہ فائزر و بائیوٹیک کی ویکسین کی فوری منظوری دے تاکہ ملک میں اس کا بڑے پیمانے پر استعمال شروع کیا جا سکے۔
واشنگٹن پوسٹ نے خبر دی تھی کہ وائٹ ہاؤس نے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے سربراہ سٹیفن ہان سے کہا تھا کہ اگر انہوں نے ایک دن میں ویکسین کی منظوری نہ دی تو پھر استعفیٰ دے دیں۔
سٹیفن ہان نے اس خبر کی تردید کی تھی تاہم کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کی ٹویٹ کو ایک دھمکی کے طور پر دیکھا گیا جس میں ایف ڈی اے کو ’بڑے، بوڑھے اور سست کھچوے‘ سے تشبیہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ویکسین کو فوری طور پر باہر نکالا جائے۔

شیئر: