Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: کورونا وائرس کے لیے’ فائزر‘ کی ویکسین منظور

ویکسین کی منظوری تمام پہلووں کاجائزہ لینے کے بعد دی گئی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے کورونا وائرس کے لیے ’فائزر‘ کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کومملکت میں رجسٹر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
فائزرکمپنی کی جانب سے فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی سے باقاعدہ ویکسین کی رجسٹریشن کے لیے اجازت طلب کی گئی تھی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق دوا ساز کمپنی فائزرکی جانب سے کہا گیا تھا کہ مملکت میں ویکسین کو رجسٹر کرنے کے بعد اس کی امپورٹ اور استعمال کے مرحلے کا آغاز کیاجائے گا۔

 ویکسین لگانے کے مرحلے کا اعلان جلد کیاجائے گا(فوٹو، ٹوئٹر)

سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے فائزر کمپنی کی جانب سے 24 نومبر کوویکسین کی رجسٹریشن کے حوالے سے موصول ہونے  والی درخواست پرمختلف پہلووں سے غور کرنے کے بعد اسے منظور کرلیا۔
اتھارٹی نے ویکسین کی رجسٹریشن کی منظوری سے قبل مختلف ماہرین سے مشاورت کی اور ویکسین کی تجرباتی رپورٹوں کا جائزہ لیا۔
ویکسین کے بارے میں ہرطرح سے تسلی کر لینے کے بعد اس کی رجسٹریشن کی منظوری دی گئی۔
ویکسین کے حوالے سے سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ شعبہ طب اور ادویات کے ماہرین نے ویکسین ’فائزر۔ بائیونٹیک ‘ کی تمام تجرباتی رپورٹوں کا باریک بینی سے مطالعہ کرنے کے بعد ہی اپنی رپورٹ پیش کی جن کی روشنی میں ویکسین کو مملکت میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔
ویکسین کی مملکت آمد اور اس کے استعمال کے حوالے سے اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ’ویکسین کی رجسٹریشن کی منظوری دیے جانے کے بعد امور صحت کی کمیٹیاں ویکسین کی درآمد کے طریقہ کار اور دیگر امورکے بارے میں اپنی آرا سے مطلع کریں گی جس کے بعد آنے والی ہرشپمنٹ سے نمونے حاصل کرکے ان کا لیبارٹری معائنہ کیا جائے گا تاکہ اس امر کی تصدیق کی جا سکے کہ شپ کی جانے والی ویکسین وہی معیار کی ہے جو رجسٹرکرایا گیا ہے۔
ویکسین کی امپورٹ کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرنے کے بعد امور صحت کے اداروں کی جانب سے ویکسین کی آمد اور اس کے استعمال کے بارے میں تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔
 

شیئر: