ٹی20 سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا اعلان، ٹیلر باہر
کپتان ولیمسن اپنے پہلے بچے کی متوقع ولادت کے پیش نظر پہلا ٹی 20 نہیں کھیل پائیں گے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے سینئر بیٹسمن روس ٹیلر کو سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے جب کہ کپتان کین ولیمسن پہلا ٹی 20 میچ نہیں کھیلیں گے۔
ٹیم میں ٹرنٹ بولٹ کی واپسی ہوئی ہے۔ فاسٹ بولر لوکی فرگوسن انجری کی وجہ سے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے آوٹ ہو گئے۔
پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مچل سینٹنر نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ دوسرے اور تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں کین ولیمسن کپتان ہوں گے۔
سلیکٹر گاون لارسن کا روس ٹیلر کی ٹیم میں عدم شمولیت کے حوالے سے کہنا تھا ‘ جیسا کہ آپ جانتے ہیں روس ٹیلر کے حوالے سے فیصلہ انتھائی مشکل تھا کیونکہ وہ ٹیم کے لیے مستقل پرفارم کرتے رہے ہیں۔ لیکن بد قسمتی سے دوسرے بیٹسموں کے فارم اور کوالٹی کی وجہ سے ان کی ٹیم میں جگہ نہیں بن سکی۔‘
ولیمسن اور ٹرنٹ بولٹ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز میں باہر رہنے کے بعد پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
تاہم کپتان ولیمسن اپنے پہلے بچے کی متوقع ولادت کے پیش نظر پہلا ٹی 20 نہیں کھیل پائیں گے۔
لارسن کے مطابق کین ولیمسن دوسرے اور تیسرے میچ کے لیے واپس آئیں گے اور ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے نیوزی لینڈ کا سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گا: مچل سینٹنر (کپتان)، توڈ ایسل، ڈو بریسویل، مارک چیپمین، ڈیون کونوے، جیکب ڈفی، مارٹن گپٹل، سکاٹ کوگیلین، جمی نیشام، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، آئش سودھی، بلیئر ٹکنر۔
کرکٹ شائقین نے کیوی ٹیم کے اعلان پر اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو پلینگ الیون میں پایا تو خوشی کا اظہار کیا البتہ خاصے ایسے بھی تھے جو فاسٹ بولر فرگوسن کے سیریز میں نہ ہونے پر افسردہ دکھائی دیے۔
فرگوسن کے ٹیم میں نہ ہونے کو کچھ شائقین نے کھیل کا مزا کرکرا کرنے سے تعبیر کیا تو کچھ دوسرے اسے پاکستانی بلے بازوں کے لیے اچھی خبر کے طور پر دیکھتے رہے۔