انڈے میں موجود لوٹین اور زیزانتھن آنکھوں کے لیے فائدہ مند ہیں (فوٹو: فری پک)
بلاشبہ انڈوں کا شمار سب سے صحت مند غذا میں ہوتا ہے جس کی وجہ سے انہیں ایک مکمل خوراک کے طور پر لیا جاتا ہے۔ ان میں نہ صرف پروٹین، نشاستہ، آئرن، وٹامن، معدنیات بلکہ کیروٹیونوئڈ بھی موجود ہوتے ہیں۔
وزن کم کرنے کے لیے اپنائی جانے والی ’کیٹو ڈائٹ‘ میں بھی انڈوں کو ایک بھرپور غذا کے طور پر شامل کیا جا سکتا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈوں کے بارے میں عام تاثر یہی ہے کہ ان کے کھانے سے کولیسٹرول کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے اور شاید دل کی صحت کے لیے بھی ٹھیک نہیں ہیں، تاہم چند ماہرین غذائیت اس خیال سے اختلاف کرتے ہیں۔
ماہر غذائیات پوجا ماکھجہ نے حالیہ تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کے جسم میں جگر کولیسٹرول پیدا کرتا ہے نہ کہ وہ خوراک جو ہم کھاتے ہیں۔ ہماری خوارک میں موجود سیچوریٹد فیٹ اور ٹرانس فیٹ جگر کو کولیسٹرول پیدا کرنے پر متحرک کرتے ہیں۔
ایک بڑے انڈے میں 1.5 گرام سیچوریٹڈ فیٹ یعنی صحت مند چکنائی ہوتی ہے، لیکن اگر انڈے کے ساتھ پنیر، مکھن یا گوشت سے بنی ہوئی کوئی چیز کھائیں تو یقیناً کولیسٹرول کی مقدار میں اضافہ ہوگا۔
ماہرین کے خیال میں انڈوں میں ایسے کئی اقسام کے غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں جو صحت کے لیے اچھے سمجھے جاتے ہیں، جیسا کے انڈے میں موجود لوٹین اور زیزانتھن آنکھوں کے لیے فائدہ مند ہیں، جبکہ کولین دماغ اور اعصاب کے لیے اچھی سمجھی جاتی ہے۔
وٹامن اے، بی اور ڈی ہڈیوں اور مدافعاتی نظام کو مضبوط کرنے کے علاوہ انفیکشنز سے بھی بچاتی ہیں۔
انڈے میں پروٹین کی زیادہ مقدار ہونے کے باوجود کیلوریز کم ہوتی ہیں جس وجہ سے یہ وزن کم کرنے کے لیے ایک بہترین خوراک سمجھا جاتا ہے۔