بلدیہ کی ٹیمیں مستقل بنیاد پرمارکیٹوں کا دورہ کرتی ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
عسیر ریجن میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں کی کارروائی کے دوران 960 ہوٹل اور 175 اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانوں کو سیل کردیا گیا ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ریجن میں بلدیہ کے ذیلی ادارے کی جانب سے مقررہ تفتیشی ٹیموں نے گذشتہ دنوں 19 سو 38 ہوٹلوں کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران 978 ریسٹورنٹس کو معیاری پایا گیا جبکہ 960 ریسٹورنٹس کو مطلوبہ معیار پر عمل نہ کرنے پر سیل کردیا گیا۔
بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی 175 دکانوں کو بھی حفظانِ صحت کی خلاف ورزیوں پر سیل کرنے کے بعد ان کے مالکان کو نوٹسز جاری کردیے۔
بلدیہ کے ذرمہ دار کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش کی متعدد دکانوں میں فروخت کی جانے والی اشیا کے 243 نمونے حاصل کرکے انہیں لیبارٹری ارسال کیے گئے ہیں تاکہ اس امر کا جائزہ لیا جاسکے کہ فروخت کی جانے والی اشیا غیر معیاری تو نہیں۔
واضح رہے کہ عسیر بلدیہ کی جانب سے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ریجن میں قائم ریسٹورنٹس اور اشیائے خورونوش کی دکانوں کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے۔