مملکت اور روس کے مابین مختلف امورمیں تعاون پر اتفاق
مملکت اور روس کے مابین مختلف امورمیں تعاون پر اتفاق
ہفتہ 19 دسمبر 2020 22:08
سعودی عرب کے ساتھ 5 ارب ڈالرکے معاہدوں پر دستخط ہوئے(فوٹو،ایس پی اے)
سعودی عرب اور روس میں تجارت ، سائنس و ٹیکنالوجی اورمعیشت کے میدانوں تعاون کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق دوطرفہ کمیٹی میں سعودی عرب کی جانب سے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز جبکہ رشین فیڈریشن کی جانب سے نائب وزیر اعظم الیگزینڈر نواک کے مابین آج بروز ہفتہ ریاض میں تفصیلی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں جانبین نے مختلف امور پرباہمی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
رشین فیڈریشن کے نائب وزیر اعظم نے ملاقات کو دونوں ممالک کے لیے مفید قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات دراصل اکتوبر2019 میں روسی صدر پوٹین کے مملکت کے دورے کا تسلسل جو انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے دوران طے کی تھیں۔
فریقین نے 2019 میں ترتیب دی جانے والی حکمت عملی پرجامع انداز میں پیش رفت پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تجارتی ، معاشی ، صنعتی اور سرمایہ کاری کے میدانوں میں تعاون کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
فریقین نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ 12 اپریل 2020 میں تیل کی پیداوار کے حوالے سے جو معاہدہ کیا گیا تھا جس میں اوپیک کے رکن اورتیل پیدا کرنے والے غیر رکن ممالک کے مابین حکمت عملی مرتب کی گئی تھی تاکہ تیل کی عالمی منڈی میں استحکام پیدا کیا جائے پر عمل برقرار رکھا جائےگا۔
دریں اثنا ’عرب نیوز ‘ کے مطابق روسی نائب وزیراعظم نے سعودی عرب کی جانب سے تعاون پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا دوطرفہ تبادلے کے حجم میں 60 فیصد سے زیادہ اضافہ ہواہے۔
نائب وزیر اعظم نے مزید کہا ’سعودی عرب کے ساتھ 5 ارب ڈالر مالیت کے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں ، روس مملکت کے ساتھ مل کر تیل کی عالمی منڈیوں میں استحکام لانے کے لیے کام کررہا ہے‘۔