Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملائشیئن جوڑے کی انوکھی شادی، ’10 ہزار مہمانوں کی ڈرائیو تھرو شرکت‘

ملائیشیا میں اب تک کورونا وائرس کے 93,000 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔(فوٹو: فیس بک )
عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث جہاں روزمرہ زندگی متاثر ہوئی ہے وہیں شادی کے خواہش مند بیشتر جوڑوں کو یا تو شادی ملتوی کرنا پڑی یا پھر کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے کم لوگوں کو بلا کر چھوٹی تقریبات سے کام چلانا پڑا، جب کہ دوسری جانب ملائشیا کے ایک جوڑے نے کورونا وبا کے دوران بھی دس ہزار لوگوں کو شادی میں بلانے کا انتظام کر ہی لیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ملائشیا کے بااثر سیاست دان کے بیٹے ٹینگوکو محمد حافظ اور ان کی دلہن اویسین الاگیہ نے شادی میں شریک ہونے کے لیے دس ہزار مہمانوں کی ’ڈرائیو تھرو‘ شرکت کا اہتمام کیا۔
اس ڈرائیو تھرو شادی کا اہتمام پتراجایہ میں کیا گیا تھا۔
اتوار کی صبح نئے شادی شدہ جوڑے نے سرکاری عمارت کے سامنے گاڑی میں بیٹھ کر شرکت کرنے والے مہمانوں کا استقبال کیا، مہمان اندر داخل ہوتے ہی گاڑی کا شیشہ اتار کر پہلے سے موجود مہمانوں اور جوڑے کو ہاتھ ہلاتے بھی دکھائی دیے۔
ایک جانب جہاں ملائشیا کو کورونا وائرس کے انفیکشن کی نئی لہر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہیں سماجی فاصلے کے اصولوں نے شادی شدہ جوڑے کو اس قابل کیا کہ وہ وبائی مرض کے دوران بھی ایک زبردست تقریب کا اہتمام کر سکیں۔

 تقریب میں شرکت کرنے والے مہمان گاڑی کی کھڑکی سے جوڑے کو ہاتھ ہلاتے بھی نظر آئے۔ (فوٹو: فیس بک)

دولہا کے والد سابق کابینہ وزیر ٹینگکو نان نے فیس بک پر بیٹے کی شادی کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے صبح بتایا گیا تھا کہ باہر دس ہزار گاڑیاں موجود ہیں۔ میرے اور اہل خانہ کے لہے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہم نے سماجی فاصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے گاڑیوں میں بیٹھ کر تقریب میں حصہ لیا اور میں تمام مہمانوں کا بھی شکر گزار ہوں جنھوں نے اس پر عمل کیا اور بھرپور تعاون کیا‘
اے بی سے نیوز کی خبر کے مطابق شادی میں آئے شرکا کو گاڑیوں کے ذریعے واپس جاتے ہوئے تین گھنٹے لگے جبکہ تقریب ختم ہونے کے بعد نزدیک موجود ٹینٹ میں کھانا موجود تھا جسے پارسل ڈبوں کی شکل میں پیک کیا گیا تھا، تقریب سے واپسی پر مہمان وہاں گاڑی روک کر پارسل لیتے ہوئے گھر روانہ ہوتے رہے۔
ملائیشیا میں اب تک کورونا وائرس کے 93,000 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

شیئر: