یورپ سے آنے والے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرائیں، ترجمان صحت
ویکسین نئی تبدیل شدہ شکل کے وائرس کے خلاف موثر ثابت ہوئی ہے- (فوٹو عاجل)
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے کہا ہے کہ یورپ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سے آنے والے اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں۔
ترجمان صحت تبدیل شدہ کورونا وائرس کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
ویب نیوز ’عاجل‘ کے مطابق ترجمان وزارت صحت نے مزید کہا ’ہم آپ سب کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ نئے کورونا وائرس کے حوالے سے وزارت اور اس سے منسلک تمام افراد اور ادارے باریک بینی سے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں، وزارت صحت اس بارے میں انتہائی محتاط انداز میں کام کررہی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اب تک موصول ہونے والی تمام معلومات اس جانب اشارہ کرتی ہیں کہ کورونا وائرس کی نئی تبدیل ہونے والی شکل سابق کورونا وائرس سے مختلف نہیں‘۔
پریس کانفرنس میں انسداد وبائی امراض کی کمیٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبداللہ القویزانی نے کہا کہ ’کورونا کے لیے تیار کی گئی ویکسین نئی تبدیل شدہ شکل کے وائرس کے خلاف بھی موثر ثابت ہوئی ہے‘۔
قبل ازیں ڈاکٹر العبدالعالی نے کہا کہ ’سعودی عرب میں اب تک تبدیل شدہ کورونا وائرس کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا ، وزارت صحت منصوبے کے مطابق کام کررہی ہے ، بین الاقوامی سفر پر پابندی لوگوں کی سلامتی اور انکے تحفظ کے لیے عائد کی گئی ہے،۔
انہوں نے مزید کہا ’اب تک جنہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لی ہے انکی مجموعی صحت بہت بہتر ہے کسی قسم کی تشویش کی بات نہیں ۔
دریں اثنا وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ افراد جو کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں اور انہیں صحتیابی کے بعد 90 دن کا عرصہ گزر گیا ہے وہ اگر چائیں تو ویکسین لے سکتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں