Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سمیت دیگر شہروں میں بھی ویکسینیشن سینٹر بنائے جائیں گے

رواں ہفتے مشرقی ریجن میں ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح ہوگا (فوٹو عرب نیوز)
وزارت صحت کے سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ عسیری نے کہا ہے کہ مختلف شہروں میں جلد ہی کورونا ویکسینیشن سینٹرز کھولے جائیں گے۔ 
ویب نیوز ’اخبار24 ‘ نے سیکرٹری صحت برائے امور صحت کی نجی ٹی وی ’روتانا خلیجیہ‘ کو دیئے گئے انٹرویو کے حوالے سے کہا ہے کہ ’کورونا ویکسینیشن کے لیے مغربی ریجن بالخصوص جدہ شہر میں سینٹر آخری مراحل میں ہے جسے جلد ہی عوام کے لیے کھول دیا جائے گا‘۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ رواں ہفتے کے آخر میں مشرقی ریجن میں تیار کیے جانے والے ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا جائے گا‘ 

 دوسرے مرحلے میں ویکسین سرکاری و نجی ہسپتالوں کو بھی فراہم کی جائے گی(فوٹو، ٹوئٹر)

ڈاکٹر عسیری نے مزید کہا کہ ’امور صحت کے اہلکاروں کو ویکسین لگانے کی فنی تربیت بھی فراہم کی جارہی ہے، آئندہ مرحلے میں جب بڑی تعداد میں ویکسین لگانے کی فنی تربیت کا کام مکمل ہو جائے گا تو ویکسین سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو بھی فراہم کردی جائے گی۔ 
واضح رہے ابتدائی طور پر کورونا ویکسین صرف مخصوص سینٹرز میں ہی لگائی جارہی ہے کیونکہ ویکسین کو  مخصوص درجہ پر رکھا جاتا ہے جس کے لیے خصوصی کنٹینرز فراہم  کیے گئے ہیں تاکہ ویکسین خراب نہ ہو علاوہ ازیں ویکسین لگانے کے لیے طبی عملے کو بھی اس کی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: