مسجد نبوی میں کورونا آگاہی مہم، ’آپ کی آگہی و احتیاط‘
مسجد نبوی میں کورونا آگاہی مہم، ’آپ کی آگہی و احتیاط‘
منگل 22 دسمبر 2020 19:14
درجہ حرارت نوٹ کرنے والے ڈیجیٹل میٹرز بھی نصب ہیں (فوٹو ایس پی اے)
مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف کی انتظامیہ کی جانب سے ’آپ کی آگاہی و احتیاط‘ کے عنوان سے کورونا آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد نبوی شریف کی انتظامیہ کی جانب سے شروع کی جانے والی اس مہم میں مسجد میں آنے والوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی جارہی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے مسجد نبوی شریف میں آنے والوں کو تحفہ میں ایک پیکٹ بھی دیا جارہا ہے جس میں سینیٹائزر، ماسک اور آب زم زم کی بوتل رکھی گئی ہے۔
مہم کے دوران ادارہ امور مسجد النبوی الشریف کے اہلکار وہاں آنے والوں کو احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے کی تلقین کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ’تحفہ‘ بھی دیتے ہیں ۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کورونا جیسی وبا کے خاتمے کے لیے ہمیں چاہئے کہ مقررہ کردہ ضوابط پر سختی سے عمل کریں اس کے لیے لازمی ہے کہ ماسک کا استعمال کیا جائے جبکہ ہاتھوں کو جراثیم کش محلول سے صاف رکھا جائے۔
دوسری جانب مسجد نبوی شریف کی انتظامیہ نے مسجد کے مختلف مقامات پر لوگوں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے والے ڈیجیٹل میٹرز بھی نصب کیے ہیں جن کی تعداد 30 ہے۔
ڈیجیٹل تھرمامیٹروں کے ذریعے بغیر ہاتھ لگائے جسمانی درجہ حرارت نوٹ کیا جاسکتا ہے۔ ڈیجیٹل تھرمامیٹروں کے ساتھ ہی چار زبانوں میں صوتی پیغام بھی نشر کیا جارہا ہے جس میں کورونا سے آگاہی اور میٹر استعمال کرنے کا مختصر طریقہ بتایا جاتا ہے تاکہ لوگوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں