Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہلا رضا کی برہمی ’خواتین سیاست سے دور رہیں‘

سنسلک کے اشتہار میں سوہا علی ابرو اور ساتھی اداکار سیاست پر بات کرتے نظر آتے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے بالوں کی مصنوعات بنانے والی کمپنی سنسلک کے نئے اشتہار میں سیاست کو گند کہنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اس حوالے سے ٹویٹ کی، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے درمیان اس حوالے سے بحث نے زور پکڑ لیا ہے۔
ٹوئٹر پرشہلا رضا نے لکھا کہ ’ شیمپو کے اشتہار میں سیاست کو گند کہنے کے ساتھ تلقین کی گئی ہے کہ خواتین سیاست سے دور رہیں اوربال سنبھالیں، کہنا وہ یہ چاہتے ہیں کہ خواتین کا کام نہیں کہ ملکی سیاست کا حصہ بنیں، اس سوچ کی مذمت کرنا ہر شہری کا فرض پے کہ مزدور کا کام مزدوری، طالب علم کے لیے پڑھنا کام ہے سیاست اشرافیہ کے لیے مخصوص ہے۔‘
اس ٹویٹ کے بعد صارفین کی بڑی تعداد اس حوالے سے تبصرے کررہے ہیں، جن میں زیادہ تر کا کہنا تھا کہ ’اشتہارات کا بنیادی مقصد مارکیٹنگ ہوتا ہے اس میں کسی خاص طبقے یا کسی بھی شعبے سے متعلق منفی تاثر دینا غلط ہے جبکہ بعض صارفین نے شہلا رضا سے اختلاف بھی کیا۔
اشتہار میں مرکزی کردار ادا کرنے والی پاکستانی اداکارہ سوہائی علی ابرو سیاسی مہم چلاتے ہوئے دکھائی گئی ہیں، اس دوران وہ لوگوں سے ووٹ ڈالنے کا مطالبہ کر رہی ہیں جس کے جواب میں ساتھ نظر آنے والے مرد اداکار انہیں سیاست سے زیادہ بالوں پر توجہ دینے کی تلقین کرتے ہیں۔
شہلا رضا کی اس ٹویٹ پر عائشہ کنول نے سنسلک کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ’شکر ہے کسی نے تو اس کے خلاف آواز اٹھائی‘
 

بلال ڈار نامی ہینڈل سے اشتہار میں سیاست کا منفی پہلو اجاگر کرنے کے حوالے سے لکھا گیا ’بدقسمتی سے سوچی سمجھی سازش کے تحت اس ملک میں سیاست کو گالی بنا کر پیش کیا جاتا ہے حالانکہ جو قومیں سیاست میں دلچسپی نہیں لیتیں وہ ہر اعتبار سے پسماندہ رہ جاتی ہیں۔ دراصل سیاست کو گالی بنا کر پیش کرنے والے آمریت پسند ہیں جو ذاتی مفادات کے حصول کے لیے ملک و قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔‘

محمد خان نے بھی بحث میں حصہ لیتے ہوئے تبصرہ کیا ’یہ سچ ہے ہم سب کو ضرور اس کی شدید مذمت کرنی چاہیے‘
اشتہار کے آخر میں اداکارہ کہتی ہیں کہ بال بھی سنبھالیں گے اور شان سے شائن بھی کریں گے‘

شیئر: