Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریم نواز کا لکشمی چوک میں کھانا ’اگلا پرچہ بٹ کڑاہی پر ہوگا‘

کوئی لاہوری ہو اور اوپر سے کشمیری بھی تو پھر تو لکشمی چوک میں کھابے اڑانا بنتا ہی ہے اور اگر یہ کام کوئی ایسی شخصیت کرے جو سیاسی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ خاتون بھی ہو تو پھر سوشل میڈیا پر اس کے چرچے ہونا بھی بنتا ہے اور اس وقت ٹوئٹر پر کچھ ایسا ہی ہو رہا ہے۔
مریم نواز نے شام کے وقت لاہور کے کھانوں کے لیے مشہور لکشمی چوک میں بٹ کڑاہی پر جا کر کھانا کھایا، اس وقت ان کے ساتھ بعض دوسرے رہنما بھی موجود تھے۔ اس کھانے کی ویڈیو بنی جو اس وقت ٹوئٹر پر شیئر ہو رہی ہے اور لوگ اس پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔
محمد عاصم نصیر نامی ٹوئٹر صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا
’مریم نواز کا لاہوری سٹائل، ریلی کے دوران لکشمی چوک پر بٹ کڑاہی پر لاہوری کھانا کھایا، اپنے والد نواز شریف کی طرح روایتی لاہوری انداز‘

جس پر مریم نواز نے بھی کمنٹ کیا اور لکھا ’کمال کڑاہی تھی‘ اور ساتھ ہی تالی بجانے والا ایموجی بھی لگایا
ضل ہما ڈار نے بعض منفی کمنٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا
’کڑاہی آپ نے کھائی ہے اور کلیجے دشمنوں کے جل رہے ہیں‘

اویس نصیر نے کھانے کی ویڈیو کے ساتھ ریلی کی تصویریں بھی لگائیں اور تبصر کرتے ہوئے لکھا
’ مریم نے آج سیاسی مخالفین کو سارا دن ریلیوں اور جلسوں سے ستایا اور آخر میں دیسی کڑاہی کا تڑکا، آج تو ساری رات بنی گالہ سے دھواں اٹھے گا‘
ایم ڈی کے ہینڈل سے اس پر کچھ یوں تبصرہ ہوا
’مریم نواز نے بٹ کڑاہی پر شام کا کھانا کھایا ہے آج اب اگلا پرچہ بٹ کڑاہی والوں پر ہونا ہے‘

 
13 نومبر کو ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم کے لیے نکلنے والی مریم نواز مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی یہاں پہنچی تھیں۔
سیاست دانوں کی جانب سے عوامی انداز اپنائے جانے کو عوامی سطح پر پسندیدگی سے دیکھا جاتا رہا ہے۔
نواز شریف اور شہباز شریف بھی اکثر ایسی سرگرمیاں کرتے دیکھے جاتے رہے ہیں جبکہ ذوالفقار علی بھٹو بھی ایسی باتوں کے لیے مشہور تھے، اسی طرح وزیر ریلوے شیخ رشید بھی اکثر کمیٹی چوک میں کھانا کھاتے دیکھے جاتے رہے ہیں۔

شیئر: