امریکہ میں کلب پر فائرنگ، تین افراد ہلاک، تین زخمی
شہریوں سے جائے وقوعہ سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکی ریاست الینوئے میں کھیل کے ایک کلب پر مسلح شخص کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق راک فورڈ سٹی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈون کارٹر لینز بولنگ کلب کے قریب کے علاقے سے دور رہیں۔
عمارت کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پولیس کے چیف ڈان اوشیا کا کہنا تھا کہ ’ابھی تفتیش جاری ہے، تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ دیگر تین افراد فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں جن کا مقامی ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ ’اس وقت ایک مطلوب شخص ہماری حراست میں ہے۔‘
فائرنگ کا واقعہ پیش آنے کے بعد ڈان کارٹر لینز کی جانب سے فیس بک پر ایک پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں صرف اتنا کہا گیا ہے کہ ’براہ مہربانی دعا کیجیے۔‘