کیا زیادہ وزن والی خواتین میں کینسر کا امکان زیادہ ہوتا ہے؟
کیا زیادہ وزن والی خواتین میں کینسر کا امکان زیادہ ہوتا ہے؟
پیر 28 دسمبر 2020 14:44
ماہرین کے مطابق موٹاپے کی وجہ سے جسم غیرفعال ہوجاتا ہے۔ (فوٹو: عاجل)
ایک تازہ تحقیق کے مطابق زیادہ وزن والی خواتین کو آنتوں کا کینسر ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔
اس بات کا انکشاف طبی جریدے ’بی ایم سی میڈیسن‘ میں شائع ہونے والی برطانوی محققین کی ایک تازہ تحقیق میں ہوا ہے۔
برسٹل یونیورسٹی اور بین الاقوامی ادارہ برائے کینسر تحقیق کی زیرنگرانی ہونے والی ریسرچ میں بتایا گیا ہے کہ ایسی خواتین جن کی جسامت سیب کی شکل جیسی ہوتی ہیں، انہیں اس مہلک بیماری سے زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔
ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ خواتین مردوں کے مقابلے اس بیماری سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں، خصوصاً جنہیں معدے کی تکلیف یا مختلف مواد کی وجہ ان کا پیٹ نکلا ہوتا ہے، اس سے ٹیومرز پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہوتا ہے۔
برسٹل یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر ایما ونسنٹ کا کہنا ہے کہ ’ہم نے محسوس کیا ہے کہ ہمارے جسم میں چربی کی موجودگی مردوں اور عورتوں کے صحت کے لیے نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔ اور اس کی روک تھام کو مخصوص حفاظتی تدابیرکے ساتھ ممکن بنایاجاسکتا ہے۔‘
اس قسم کا کینسر جو موٹاپے سے منسلک ہوتا ہے ہر سال 42 ہزار افراد اس سے متاثر ہوتے ہیں جب کہ ان میں سے 16 ہزار کے لیے یہ جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔
کینسر ریسرچ یوکے میں ڈائریکٹر ہیلتھ انفارمیشن نتاشا پیٹنکے مطابق ’یہ تصدیق شدہ بات ہے کہ صحت مند وزن کو برقرار رکھنے سے کینسر کی بہت سی قسموں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے، کئی تحقیقات جو کینسر کا تعلق زیادہ وزن سے جوڑتی ہیں وہ اسی کا استعمال کرتی ہیں۔‘
موٹاپے کی وجہ سے جسم غیرفعال ہوجاتا ہے انسولین کی مزاحمت نہیں کرسکتا اور اس کی مقدار خون میں بڑھ جاتی ہے۔
موٹاپا لیپٹین کے خون کی سطح میں اضافہ کرتا ہے، جو آنتوں کے کینسر کا سبب بنتا ہے، لیکن اس کے شواہد کم ہیں۔
رپورٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ لیپٹین کولون کینسر خلیوں کی افزائش اور پھیلاؤ میں اضافہ کرتا ہے۔