سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے مارکیٹ میں موجود تین قسم کے مصالحوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ مصالحوں کو رنگ دار بنانے کے لیے ان میں ممنوعہ مواد کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے حوالے سے کہا ہے کہ مارکیٹ میں موجود ’ماں‘ برانڈ کی سرخ مرچ اور اس کے مصالحے میں ممنوعہ رنگ دار مواد Sudan 1 کا استعمال کیا گیا ہے جو انسانی صحت کے لیے مضر اثرات کا حامل ہے-
علاوہ ازیں ’عثمانی مصالحے اور پسی ہوئی سرخ مرچ کے علاوہ ’روض الاصیل ‘ برانڈ کے مصالحے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ برانڈ کے مصالحوں کو مارکیٹ سے ہٹائے جانے کے احکامات صادر کر دیے گئے ہیں۔ فوڈ اتھارٹی نے صارفین سے بھی کہا ہے کہ وہ مذکورہ مصالحے استعمال نہ کریں جن کے پاس گھروں میں یہ مصالحے موجود ہیں وہ انہیں تلف کردیں۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے متعلقہ ادارے کو سفارش کی ہے کہ وہ فوری طور پر مارکیٹوں سے مذکورہ برانڈ کے مصالحوں کو اٹھانے کے احکامات جاری کریں۔
اتھارٹی کی جانب سے اس امر کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ خلاف ورزی کے مرتکب ذمہ داروں کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی-