Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان نے انڈیا کا ایک اور جاسوس ڈرون مار گرایا‘

آئی ایس پی آر کے مطابق ’انڈیا کا جاسوس ڈرون پاکستان کی حدود میں 100 میٹر تک اندر آگیا تھا‘ (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے انڈیا کا ایک اور جاسوس ڈرون مار گرایا ہے۔
بدھ کی رات آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے ہاٹ سپرنگ سیکٹر میں انڈیا کے جاسوس ڈرون کو نشانہ بنایا۔
’انڈیا کا جاسوس ڈرون پاکستان کی حدود میں 100 میٹر تک اندر آگیا تھا۔‘

 

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے سال 2020 کے دوران فضائی حدود کی خلاف ورزی پر انڈیا کے 16 ڈرونز مار گرائے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انڈین فوج نے کھوئی رٹہ سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی علاقے پر بلااشتعال فائرنگ کی۔
’پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں انڈیا کو جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈین فوج کی فائرنگ سے پاکستان کے ایک سپاہی فضل الٰہی کی جان چلی گئی جبکہ پھالنی بازار میں ایک شہری شدید زخمی ہوگیا۔

شیئر: