Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈیا ریاستی دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے‘

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا انڈیا دہشت گردوں کوتربیت اوراسلحہ فراہم کررہا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان نے کہا ہے کہ انڈیا پاکستان میں دہشت گردی کروانے کے لیے کالعدم تنظیموں کا کنسورشیم بنا رہا ہے۔
اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور افواج پاکستان کے ترجمان نے مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کالعدم تنظیموں کی معاونت کررہا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انڈین خفیہ ایجنسیاں کالعدم تنظیموں کی پشت پناہی کررہی ہیں۔ ’اگست 2020 میں انڈیا نے کالعدم ٹی ٹی پی، جے یو اے ، بی ایل اے کو یکجا کیا۔‘
’ان کالعدم تنظیموں کواسلحہ، گولا بارود دیا جا رہا ہے اور انہیں پاکستان میں کارروائیوں کے لیے اکسایا جارہا ہے۔‘
شاہ محمود کے مطابق پاکستان کے پاس انڈیا کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ ان کے مطابق اب وقت آگیا ہے کہ انڈیا کی پاکستان میں دہشت گردی کروانے کے شواہد بین الاقوامی برادری کے سامنے پیش کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈیا نے اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت دے رہا ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کامیاب آپریشنز کو انڈیا ہضم نہیں کر پا رہا۔
’ہمارے پاس شواہد ہیں کہ انڈیا ریاستی دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا انڈیا دہشت گردوں کوتربیت اوراسلحہ فراہم کررہا ہے۔ ان کے مطابق انڈیا پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور تنظیموں کے پیچھے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ افغانستان میں انڈین قونصل خانے اس سازش میں ملوث ہے۔
ان کے مطابق افغانستان میں را کے کرنل راجیش مشرا کے پاکستان کے اندر دہشت گردوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ’انڈیا نے حال ہی میں 30 داعش دہشت گردوں کو پاکستان اور اردگر منتقل کیا۔‘

’انڈیا نے بلوچستان میں سی پیک کونقصان پہنچانےکے لیے خصوصی ملیشیا بنائی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

وزیر خاجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انڈیا پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کی منصوبہ بندی کررہاہے۔ ’مصدقہ اطلاعات ہیں انڈیا نے ایک سیل بنایا ہے جس کا کام سی پیک منصوبوں کونقصان پہنچانا ہے۔‘
’انڈیا سی پیک کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔‘
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے انڈیا کے ملوث ہونے کے مبینہ ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کیا۔
ان کے مطابق انڈیا نے بلوچستان میں سی پیک کونقصان پہنچانےکے لیے خصوصی ملیشیا بنائی۔ ’ بھارتی خفیہ ایجنسی اپنے فرنٹ مین کودیگرممالک میں فنڈنگ کررہی ہے۔‘
بابر افتخار نے کہا کہ الطاف حسین گروپ کو بھارتی خفیہ ایجنسی’را‘نے دو کمپنیوں کے ذریعے فنڈنگ کی۔ پریس کانفرنس کے دوران  ڈاکٹر اللہ نذر اور انڈین خفیہ ایجنسی ’را‘ حکام کے درمیان مبینہ گفتگو کی آڈیو چلائی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے اس بارے میں ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ 'ہم نے پاکستان میں انڈیا کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ناقابلِ تردید شواہد دے دیے ہیں۔'
سنیچر کو کی گئی ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ 'ہم بین الاقوامی برادری سے امید کرتے ہیں کہ وہ انڈیا پر دہشت گردی ختم کرنے اور ان افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے پر زور دیں گے جن کی وجہ سے پاکستان میں ہزاروں بے گناہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔'
'ہماری مضبوط اور باہمت سکیورٹی ایجنسیاں اور فورسز ہمارے لوگوں کی حفاظت کے لیے کوشاں ہیں۔'

شیئر: