انڈیا کی’دہشت گردی‘: ’ثبوت‘ اقوام متحدہ کو پیش
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ انڈیا کا نومبر میں پاکستان میں دہشت گردی کروانے کا منصوبہ ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان نے انڈیا کی مبینہ دہشت گردی کے ’ثبوت‘ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کو پیش کر دیے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی اور انہیں انڈیا کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کو سپانسر کرنے کی ’ناقابل تردید‘ ثبوتوں پر مشتمل ڈوزیئر پیش کی۔
نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے ملاقات میں منیر اکرم نے سیکرٹری جنرل کو ’انڈیا کے پاکستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا ’انڈیا پاکستان میں دہشت گردی کروانے میں ملوث ہے اور اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔‘
خیال رہے چند دن قبل پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان میں انڈیا کی مبینہ دہشت گردی کے ’ثبوت‘ پیش کیے تھے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ انڈیا کا نومبر میں پاکستان میں دہشت گردی کروانے کا منصوبہ ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق بعد میں ایک ورچول کانفرس سے خطاب میں منیر اکرام نے الزام لگایا کہ انڈیا پاکستان اور خطے میں دہشت گردی کو سپانسر کرنے میں ملوث ہے۔ ’انڈیا پاکستان کی معیشت کو مفلوج کرنا چاہتا ہے۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی ٹیم پاکستان میں انڈین دہشت گردی کی تحقیقات کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کی پاکستان میں دہشت گردی کروانے کے حوالے سے ’ثبوتوں‘ پر مشتمل ڈوزیئر کو سکیورٹی کونسل کے ارکان کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے گا۔