اپنے نیٹ ورک سے منسلک آلات کی جانچ پڑتال کریں (فوٹو: انسپلیش)
سائبر جرائم کرنے والے افراد ہمیشہ ایسے انٹرنیٹ کنکشن کی تلاش کرتے ہیں جو غیر محفوظ ہو، وہ اپنے آلات اس کنکشن سے جوڑ لیتے ہیں جس کے بعد ان کا کام آسان ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد وہ آپ کی ذاتی معلومات چوری کرنے اور ایسی خفیہ فائلوں کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں جن تک آپ کسی کو رسائی نہیں دینا چاہتے۔ ایسے تمام حملوں اور پریشانیوں سے بچنے کے لیے آپ کو اپنا وائی فائی کنکشن محفوظ بنانا ہوگا۔
اس کے لیے چار نکات بہت اہم ہیں۔
نیٹ ورک سے منسلک آلات کی جانچ
اگر آپ اپنے وائی فائی نیٹ ورک کو محفوظ بنانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے آپ کو وائی فائی سے منسلک آلات کی جانچ پڑتال کرنی چاہیے کہ کون کون سے آلات اس سے منسلک ہیں۔ جن آلات سے آپ ناواقف ہوں انہیں فوری طور پر اس سے ہٹا دیں۔ ایسا کرنے کے لیے ان تجاویز پر عمل کریں۔
1۔۔ یہ یقینی بنائیں کہ آپ کا کمپیوٹر وائرلیس یا کیبل کے ذریعے آپ کے راؤٹر سے جڑا ہوا ہے۔
2۔۔ اپنے کمپیوٹر کا ویب براؤزر کھولیں۔ ایڈریس بار میں اپنا IP ایڈریس ٹائپ کریں۔
3۔۔ اپنے راؤٹر کی سیٹنگز میں داخل ہونے کے بعد مربوط آلات والے آپشن میں جائیں جو آپ کو راؤٹر سے منسلک تمام آلات دکھائے گا۔
4۔۔ یہاں آپ راؤٹر سے منسلک آلات کو سکین کر سکتے ہیں۔ جیسے کمپیوٹر، موبائل وغیرہ، اگر آپ کو ان آلات کے بارے میں معلوم نہ ہو رہا ہو تو وائی فائی سے منسلک تمام ڈیوائسز بند کر دیں اور ہر ایک ڈیوائس کی الگ سے جانچ پڑتال کریں تاکہ آپ کو غیر متعلقہ کنکشن کے بارے میں پتا چل سکے۔
5۔۔ تمام منسلک ڈیوائسز بند کرنے کے بعد اگر کوئی ڈیوائس اب بھی وائی فائی سے منسلک ہے تو اسے فوراً ہٹا دیں۔
وائی فائی کی نگرانی کے لیے آپ کسی پروگرام کا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ ایسے پروگرام آپ کو وائی فائی سے خود بخود منسلک ہونے والی ڈیوائسز کے بارے میں بتائیں گے۔ یہ وائی فائی کے نیٹ ورک کو سکین بھی کرتا رہتا ہے اور اس سے منسلک آلات کی نگرانی بھی کرتا رہتا ہے۔
غیر مجاز صارفین سے وائی فائی کی حفاظت
جب آپ وائی فائی سے منسلک ڈیوائسز کی جانچ پڑتال کریں گے تو آپ کو ایسے غیر مجاز آلات مل جائیں گے جو آپ کے نیٹ ورک کو استعمال کررہے ہوں گے۔ ایسی صورت حال میں آپ کنکشن کو خفیہ کرکے اس کی حفاظت کر سکتے ہیں۔ متعدد راؤٹرز کنکشن کو خفیہ کرنے کا آپشن فراہم کرتے ہیں۔
البتہ ایسے راؤٹرز کے استعمال سے اجتناب کریں جو WEP کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ یہ پرانی ٹیکنالوجی ہے اسے ہیک کرنا آسان ہے۔ اس کے مقابلے میں ایسی ڈیوائسز جو WPA2 یا WPA2-PSK AES پروٹوکول کو خفیہ کرتے ہیں وہ استعمال کریں، ان تک ہیکرز نہیں پہنچ سکتے۔
پاس ورڈ تبدیل کریں
اگر آپ کو معلوم ہو جائے کہ آپ کا وائی فائی کوئی نامعلوم شخص استعمال کر رہا ہے تو سب سے پہلے اس کا پاس ورڈ تبدیل کریں، پھر مضبوط اور پیچیدہ پاس ورڈ کا انتخاب کریں۔ اسی طرح ڈیفالٹ نیٹ ورک کا نام بھی تبدیل کر دیں۔ راؤٹر کا پاس ورڈ تبدیل کرنے اور دیگر حفاظتی اقدامات کرنے کے بعد اپنی ڈیوائسز کو اس کے ساتھ منسلک کریں۔
اگر آپ کے راؤٹر میں اس قسم کے آپشنز نہیں ہیں تو وقت آگیا ہے کہ آپ نیا راؤٹر خریدنے پر غور کریں جس میں یہ تمام آپشنز ہوں۔
گیسٹ نیٹ ورک بنائیں
گھر میں جب بھی مہمان اور دوست آتے ہیں تو وہ وائی فائی استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں اپنے آلات محفوظ رکھنے کے لیے آپ نجی نیٹ ورک بنا سکتے ہیں جسےGuest Network کہتے ہیں۔
اس طریقے کے ذریعے آپ اپنی ڈیوائسز کو مہمانوں اور دوستوں سے بآسانی دور رکھ سکتے ہیں اور ان تک ان کی رسائی نہیں ہوگی۔ اسی طرح مشترکہ فائلوں اور دیگر الجھنوں سے بچنے کے لیے Guest Network تشکیل دیں جو SSID پاس ورڈ تبدیل کرکے بنایا جاسکتا ہے۔
تاہم آپ کو اس کے باوجود اپنے مرکزی راؤٹر کی سکیورٹی کی طرح اس کا بھی خیال رکھنا ہوگا جس کا مطلب ہے کہ ایک مضبوط پاس ورڈ بنانا اور مشترکہ فائلوں اور آلات تک محدود کرنا۔
یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ آپ نے ایسی ہر قسم کی رسائی کی سہولت بند کر رکھی ہو جو دوسروں کو آپ کے سسٹم میں داخل کر سکتی ہو۔