جی سی سی قائدین کے خیر مقدم کی تیاریاں مکمل
امیر کویت سربراہ اجلاس میں اپنے ملک کے وفد کی قیادت کریں گے۔(فوٹو سبق)
خلیجی سربراہ اجلاس کل منگل 5 جنوری کو سعودی عرب کے تاریخی شہر العلا میں ہورہا ہے۔ خلیجی قائدین کے خیر مقدم کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ یہ اجلاس جی سی سی ممالک کے درمیان اختلافات کی خلیج پاٹنے، مصالحت اور تعاون کے فروغ کا باعث بنے گا۔
کویتی وزیر خارجہ احمد الصباح نے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس یک روزہ ہوگا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح خلیجی سربراہ اجلاس میں اپنے ملک کے وفد کی قیادت کریں گے۔
شیخ نواف الاحمد پہلے خلیجی رہنما ہیں جنہوں نے سربراہ اجلاس میں باقاعدہ شرکت کا سب سے پہلے اعلان کیا ہے۔
عمانی دفتر خارجہ نے پیر کو بیان میں کہا ہے کہ سلطان ہیثم بن طارق کی نمائندگی خلیجی سربراہ اجلاس میں نائب وزیراعظم فہد بن محمود آل سعید کریں گے۔ اجلاس میں شرکت کے لیے منگل کو سعودی عرب پہنچیں گے۔
عمانی وفد میں وزیر خارجہ بدر البوسعیدی، وزیر انصاف ڈاکٹرعبداللہ السعیدی اور کئی سرکاری عہدیدار شامل ہوں گے۔
سربراہ اجلاس میں بحرینی وفد کی قیادت ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ کریں گے۔ وہ اجلاس میں شاہ بحرین کی نمائندگی کریں گے۔
یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جی سی سی میں شامل ممالک کے قائدین کو سیکریٹری جنرل کے ذریعے سربراہ اجلاس میں شرکت کے دعوت نامے بھجوائے تھے۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو بھی شرکت کا دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔
مبصرین 41 ویں سربراہ اجلاس کو مصالحتی ملاقات اور مستقبل کے حوالے سے جی سی سی کے اہم اجلاس سے تعبیر کررہے ہیں۔