’کابینہ نے امید ظاہر کی کہ اعلامیہ تمام خلیجی ممالک کے مشترکہ مفادات کے فروغ کا سبب ہوگا‘ ( فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں سعودی کابینہ کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں ملکی اور بین الاقوامی امور پر غور کیا گیا نیز اہم فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان نے جی سی سی ممالک کے سربراہان کا کانفرنس میں شرکت اور اسے کامیاب بنانے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔
کابینہ نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب جی سی سی تعاون کونسل کی بقا اور سلامتی کے ساتھ خلیجی ممالک کے استحکام کے لیے کوشاں ہے۔
سعودی عرب کے وژن 2030 کی روح خلیجی ممالک کی مضبوطی سے وابستہ ہے۔ علاوہ ازیں سعودی عرب تمام عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعاون کے فروغ کا حریص ہے جس کا لازمی نتیجہ خطے کے امن و استحکام میں ہوگا۔
کابینہ نے العلا اعلامیہ کے اجرا پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اعلامیہ تمام خلیجی ممالک کے مشترکہ مفادات کے فروغ کا سبب ہوگا۔
خادم حرمین شریفین نے امیر کویت اور سلطان عمان سے موصول ہونے والے پیغامات سے بھی کابینہ ارکان کو آگاہ کیا ہے۔
بعد ازاں کابینہ نے کورونا وائرس کی مقامی اور بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا اور ملک میں وبا کی کم ہوتی صورتحال پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
کابینہ نے کورونا ویکسین کی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں میں برابر کی بنیاد پر مفت فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
کابینہ نے عدن ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی دہشت گردانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدت پسند یمن کے شہریوں کے عزائم پست نہیں کر سکتے۔
بعد ازاں کابینہ نے ایجنڈے میں درج امور اور معاملات پر غور کیا اور چند اہم فیصلے اور منظوریاں دی ہیں۔
کابینہ نے میڈیا اداروں کے ضوابط میں ترمیم کی منظوری دی ہے جس پر مذکورہ قاعدے کے مطابق کام ہوگا۔