Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا ہلدی اور لیموں کا شربت مدافعتی نظام مضبوط بناتا ہے؟

وٹامن سی اور کرکومین دونوں ہی زخموں کو بھرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں (فوٹو: فری پک)
ہلدی کے ساتھ لیموں کا رس ایک صحت مند اور تازگی والا مشروب ہے، جو صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔
خوشبودار ذائقہ برقرار رکھتے ہوئے ہلدی اور لیموں کے تمام فوائد حاصل کرنے کا یہ ایک بہترین طریقہ ہے۔
بولڈ سکائی ویب سائٹ کے مطابق ہلدی کو صدیوں سے کھانے کے مصالحے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ہلدی میں موجود کرکومین مختلف قسم کے عوارض جیسے بھوک نہ لگنا، ذیابیطس کے زخم، جگر کی بیماریوں، گٹھیا اور سوزش کی بیماریوں کے خلاف مؤثر طریقے سے کام کرتا ہے۔
دوسری طرف لیموں کے رس میں یورولیتھیاسس جیسی متعدد بیماریوں کے خلاف لڑنے کی صلاحیت موجود ہے، یہ گردوں کی پتھری کی ایک بیماری ہے۔
 اس کے استعمال سے وزن کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ لیموں کے رس میں فولٹ اور پوٹاشیم جیسی دیگر غذائی اجزا کے علاوہ ایک اہم جزو سٹرک ایسڈ بھی ہوتا ہے۔
ہلدی اور لیموں کا شربت درج ذیل بیماریوں کے خلاف معاون ثابت ہوتا ہے۔

الزائمر کی بیماری کا مقابلہ

کرکومین اور سائٹرک ایسڈ میں طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ موجود ہوتے ہیں، جو سوزش اور بیماری کے خلاف کام کرتے ہیں۔ لیموں کا رس اور ہلدی دماغ کو آکسیڈیٹیو نقصانات کا مقابلہ کرنے، سوزش کو کم کرنے اور ارتکاز کی کمی جیسے مسائل کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس سے الزائمر کی بیماری کا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔

لیموں میں اہم جزو سٹرک ایسڈ ہوتا ہے (فوٹو: فری پک)

افسردگی کی علامات کو کم کرنا

ہلدی اور لیموں کا شربت دماغی کام میں مدد دینے والے اجزا کی بدولت دماغ کے لیے نہایت مفید ہے۔ یہ افسردگی کی علامات جیسے تناؤ، تھکاوٹ،عدم دلچسپی، بھوک میں کمی، نیند کے مسائل، چڑچڑاپن، غصے اور خودکشی کے خیالات کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

کینسر کے خطرے کو کم کرنا

ایک برطانوی سائنسی تحقیق کے مطابق ہلدی میں موجود کرکومین کے اجزا مہلک خلیوں کو ختم کردیتے ہیں جس سے کینسر کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔
جاپانی یونیورسٹیوں کی ایک تحقیق سے یہ معلوم ہوا ہے کہ لیموں کے چھلکے میں موجود کمارین کیمیائی مادے کی صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں۔

جگر کی حفاظت کرنا

مصر کے نیشنل ریسرچ سینٹر کی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ سائٹرک ایسڈ جگر کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے میں مدد کرتا ہے۔ کرکومین بھی جگر کی حفاظت کرتا ہے۔ ان دونوں کے شربت کے استعمال سے جگر کی حفاظت اور اس کے افعال کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

 ایک تحقیق کے مطابق لیموں کے چھلکے میں موجود کمارین کیمیائی مادے کی صحت کے لیے مفید ہے (فوٹو: انسپلیش)

مدافعتی نظام کو مضبوط بنانا

آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق لیموں اور ہلدی کی اینٹی آکسیڈینٹ سرگرمیاں لیمفوسائٹس اور میکروفیج کو مثبت طور پر متاثر کرتی ہیں۔
لیمفوسائٹس ایک قسم کا سفید خون کا خلیہ ہے جو انفیکشن سے لڑنے میں مدد دیتا ہے جبکہ میکروفیج ایک قسم کا بڑا سفید خون کا خلیہ ہے جو جسم میں پیتھوجینز کی شناخت، ان کو روکنے اور پھر ان کو مارنے میں مدد کرتا ہے۔

زخم بھرنے میں تیزی

وٹامن سی اور کرکومین دونوں ہی زخموں کو بھرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ دونوں ہی فائبرو بلاسٹس کے ذریعہ کولیجن کے اخراج میں اضافہ کرتے ہیں، جس سے گرینولوومس کی تشکیل میں مزید اضافہ ہوتا ہے اور زخم تیزی سے تندرست ہوتے ہیں۔

وزن کم کرنا

کرکومین جسم میں میٹابولزم کو بہتر بنانے اور بھوک پر قابو پانے میں مدد کرتا ہے۔ یہ پیٹ اور جگر میں چربی جمع ہونے سے بھی روکتا ہے۔ دوسری طرف  لیموں میں موجود وٹامن سی چربی جلانے میں مدد کرتا ہے۔ یہ دونوں مل کر وزن کم کرنے اور مناسب وزن کو برقرار رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔

کرکومین اور سائٹرک ایسڈ میں طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ موجود ہوتے ہیں (فوٹو: فری پک)

شربت کیسے تیار کریں

اس کے اجزا کے لیے دو لیموں لیں، چار کپ پانی، ہلدی کا ایک چائے کا چمچ، میٹھے کے لیے شہد حسب ذائقہ، ادرک کا ایک چھوٹا ٹکڑا، سبز پودینہ کے پتے حسب ذائقہ۔
تیار کرنے کے لیے پانی میں لیموں نچوڑ لیں، اس میں ہلدی، شہد اور دوسرے اجزا شامل کریں۔
اسے اچھی طرح مکس کریں۔ آپ اس شربت میں پودینے کی پتیوں کا اضافہ کر سکتے ہیں۔

شیئر: