قطری شہریوں کے خیر مقدم کے لیے انتظامات کر لیے گئے۔ فوٹو: العربیہ
سعودی عرب کی جانب سے قطر کے ساتھ سرحدیں کھولے جانے کے اعلان کے بعد قطری شہریوں کو مملکت آنے کے لیے سعودی وزارت داخلہ کی مقرر کردہ شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق کورونا وبا کے ماحول میں سب سے پہلی شرط پی سی آر سرٹیفکیٹ، تین روزہ ہاؤس آئسولیشن یا سات روزہ ہاؤس آئسولیشن کی پابندی ضروری ہوگی۔
پی سی آر ٹیسٹ منفی ہونے کی صورت ہی میں قطری باشندوں کو مملکت آنے کی اجازت دی جائے گی۔
سعودی وزارت صحت نے اس شرط پر عمل درآمد کے لیے قطر سے ملنے والی سرحدی چیک پوسٹ سلوی پر میڈیکل عملہ تعینات کردیا ہے۔ یہاں آنے والوں سے اقرار نامہ لیا جائے گا کہ وہ ہاؤس آئسولیشن کی پابندی کریں گے۔ متعلقہ حکام نے سلوی چیک پوسٹ پر قطری شہریوں کے خیر مقدم کے لیے انتظامات تیز کر دیے ہیں۔
یاد رہے کہ قطر کے ساتھ بری، بحری اور سرحدی سرحدی کھولنے کا فیصلہ العلا اعلامیے میں اس یقین دہانی کے بعد کیا گیا ہے کہ اعلامیے پر دستخط کرنے والے ممالک خلیجی ریاستوں میں اتحاد و اتفاق کی پابندی کریں گے۔ کوئی بھی دوسرے کے لیے خطرات پیدا نہیں کرے گا- کوئی بھی فریق دوسرے فریق کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا۔
العلا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ماضی کا صفحہ لپیٹ دیا گیا تاکہ خلیج میں امن و استحکام کا تحفظ کیا جا سکے جبکہ یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ تمام فریق ہر ملک کی خودمختاری اور امن و سلامتی کا احترام کریں گے اور کوئی بھی فریق کسی دوسرے فریق کے یہاں بدامنی پیدا کرنے والی کوئی سرگرمی نہیں کرے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں