Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد نے امیر قطر کو العلا کی سیر کرائی 

شہزادہ محمد بن سلمان اپنے مہمان کو مدائن صالح لے گئے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے امیرقطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو کار سے العلا کی سیر کرائی ہے۔ 
شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے امیر قطر کو اپنی کار سے العلا کی سیر کرانے والی تصاویر اور وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
 اس پر پسندیدگی کا اظہار اور اسے دونوں برادر ملکوں کے درمیان مصالحت کی روشن علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

’اسلب‘ پہاڑ مدائن صالح کے شمال مشرق میں واقع ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

سعودی خبررساں ادارے اور دیگر ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد العلا میں خلیجی سربراہ اجلاس کے اختتام کے بعد امیر قطر کو اپنی گاڑی میں لے کر العلا کی سیر کے لیے نکل پڑے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اپنے مہمان کو مدائن صالح لے گئے۔ اس کا پتہ تصویر میں نظر آنے والے بورڈ سے ہوا۔ گاڑی ’اسلب‘ پہاڑ کے سامنے سے گزر رہی تھی۔
’اسلب‘ پہاڑ مدائن صالح کے شمال مشرق میں واقع ہے۔ اس کے اطراف کھلا میدان ہے۔ یہاں جانے کے لیے تنگ راستہ ہے جسے مقامی باشندے (السیق) کہتے ہیں۔

تصاویر اور وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

یہاں چٹان کو تراش کر ایک بڑا کھلا ہال بنایا گیا ہے جسے ’الدیوان‘ (ایوان)  کہا جاتا ہے- یہ دوستونوں میں گھرا ہوا ہے۔ اندرونی تین دیواروں پر سنگی نشستیں بنی ہوئی ہیں۔ 
چٹان میں تراشا ہوا کمرہ ہمیشہ معتدل آب و ہوا سے معمور رہتا ہے چونکہ اس کا بیرونی حصہ شمال کی طرف واقع ہے اس وجہ سے اس کمرے میں کبھی سورج کی کرنیں نہیں پڑتیں۔
یہاں آنے والے خود کو پرسکون محسوس کرتے ہیں۔ سیاح جبل اسلب پر چڑھ کر مدائن صالح کا دلکش منظر ضرور دیکھتے ہیں۔ 

شیئر: