Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیراکی نہ جاننے کے باوجود ڈوبتے بچے کو بچانے والا سعودی ’ہیرو عامر الشہری‘

ایک سعودی شہری نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے ایک بپھری ہوئی ندی میں ڈوبتے ہوئے بچے کو بچا لیا جب کہ وہ تیرنا بھی نہیں جانتا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق ایک بچہ  برساتی ندی کے کنارے سے پانی میں گر گیا جو پانی کے تیز بہاو کے باعث سنبھل نہیں سکا ۔ ڈوبتے ہوئے بچے کو دیکھ کر اس ہیرو نے پانی میں چھلانگ لگا دی۔
عرب نیوز میں دکھائی جانے والی ویڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ بچہ ندی کے گدلے پانی کی سطح پر موجود ہے جب کہ کچھ لوگ کنارے سے خوفزدہ حالت میں اسے دیکھ رہے ہیں۔
ایسے میں سعودی شہری عامر الشہری نے تیراکی نہ جانتے ہوئے اور اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے کسی حفاظتی اقدام کے بغیر ندی میں چھلانگ لگا دی۔
شروع میں ایسا لگ رہا تھا کہ وہ بھی پانی کے تیز بہاؤ کی نذر ہو گیا ہے لیکن کچھ ہی وقت میں عامر شہری بچے کےقریب پہنچ گیا۔

سعودی تاجر عبداللہ العجلانی نے الشھری کو 2،667 ڈالر انعام  دیا ہے۔(فوٹو العربیہ)

دوسرے ہی لمحے اس نے ہاتھ پاؤں مارتے ہوئے بچے کو تیز بہاؤ سے اپنی جانب کھینچنے کی کوشش کی اور پانی سے باہر نکلنے میں اس کی مدد کی۔
سعودی عرب کے علاقے عسیر کے شمال مغرب میں احد تھربان کے قریب اس برساتی ندی میں پانی کا بہاؤ گذشتہ دنوں کی موسلا دھار بارش کے باعث کافی تیز ہو گیا ہے۔
حالیہ بارشوں کے باعث اس طرح کے ندی نالے کناروں سے باہر بہہ نکلتے ہیں جس کی وجہ سے مقامی حکام نے عوام کو ایسے علاقوں سے دور رہنے کی پرزور اپیل اور تاکید کی ہے۔
بعد ازاں عامر الشھری نے عرب نیوز کو بتایا کہ نماز کی ادائیگی  کے بعد میں مسجد سے نکلا تھا کہ میں نے قریب ندی کے تیز بہاؤ والے پانی میں اس بچے کو  گرتے ہوئے دیکھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ  مجھے احساس ہو گیا تھا کہ بچہ انتہائی خطرے میں ہے۔

برساتی ندی میں پانی کا بہاؤ موسلا دھار بارش کے باعث تیز ہو گیا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

عامر الشہری نے بتایا کہ کچھ اور لوگ بھی پانی میں کود گئے تھے اور وہ اسے کنارے کے قریب  لانے کی کوشش کر رہے تھے کہ  لڑکا دوبارہ تیز بہاؤ کی نذر ہو گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد میں نے اپنے بارے میں بالکل بھی نہیں سوچا میرا صرف یہ مقصد تھا کہ کسی بھی صورت میں اس لڑکے کو پانی سے باہر نکالنا ہے۔
سعودی ہیرو عامر الشہری نے اس وادی میں موجود ندی کے قریب رہنے والے  تمام لوگوں کو اپنے کنبے اور خاص کر بچوں کو ندی  کے  کنارے سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
اس ہیرو  اور ان کے ساتھ دیگر افراد جنہوں نے پہلے بچے کو نکالنے کی کوشش کی ان  کے بہادرانہ اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کچھ لوگوں نے ویڈیو  دیکھ کر عربی ہیش ٹیگ کے ساتھ ’ہیرو عامر الشہری‘ کے لیے ٹویٹ  کیا ہے۔
writerdepth نے لکھا: ’کیا ہیرو ہے؟ وہ اعزاز کا مستحق ہے۔‘
@ m1sadi نے کہا: ’وہ تمغے کا مستحق ہے۔‘ 
ایک سعودی تاجر عبداللہ العجلانی نے الشھری کو 2،667 ڈالر انعام  دیا ہے۔
@ 2009_سلمان نے لکھا ہے ’الشھری بہادری کی ایک مثال ہے جو تمام میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرنے کیے جانے کی مستحق ہے۔ ایک سعودی شہری کی حیثیت سے مجھے آپ پر بہت فخر ہے اور میں نے ہر جگہ آپ کی ویڈیوکلپ شییئر کی ہے۔‘
@ A000d_ نے اس بے لوث فعل پر اظہار تشکر کرتے ہوئے لکھا ’ہمارے بہادر ہیرو عامر الشہری کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ۔‘
ان تمام خیرسگالی پیغامات کے بعد عامر  الشہری @ جی_7_O نے  اپنے مداحوں کو جواب دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
عامر الشہری نے کہا ’یہ سب اللہ تعالی کے حکم سے ہوا کہ میں یہ سب کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ اللہ تعالی نے مجھے ہمت بخشی جس پر میں شکر ادا کرتا ہوں۔‘

شیئر: