Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ : بارش کے بعد الراشدیہ سوسائٹی کی بجلی بحال نہ ہو سکی، شہری پریشان

مکہ مکرمہ۔۔۔گزشتہ ہفتے ہونے والی بارش میں مکہ مکرمہ کی الراشدیہ سوسائٹی نمبر 2 میں برساتی ریلے کی وجہ سے بعض سڑکیں بیٹھ گئیں جس سے گھرو ںکو شدید نقصان پہنچا ۔ سبق نیوز نے اس حوالے سے تیار کی جانے والی رپورٹ میں متاثرین کے حالات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش سے علاقے کو شدید نقصان پہنچا جس سے علاقے میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہو گیا ۔ برساتی پانی گھروں کے اندر گھس گیا جبکہ متعدد گاڑیاں بھی برساتی ریلے میں بہہ گئیں ۔ اس ضمن میں سعد حمدان الزلفی کا کہنا تھا کہ برسات کے بعد علاقے کی جو تباہی ہوئی وہ سب کے سامنے ہے ۔ شدید برساتی ریلے نے مکان کے باہر بنا ہوا فرش اکھاڑ دیا جس کی وجہ سے سیوریج لائنیں بھی بند ہو گئیں ۔ برساتی پانی گھٹنوں تک پہنچا ہوا تھا ۔ بجلی بھی منقطع ہو نے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، الزلفی نے مزید کہا کہ میرے گھر والے گزشتہ 2 روز سے گھر میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ میں نے امداد کے لئے تمام اداروں کو فون کیا کہیں سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا ۔ بلدیہ کو فون کیا تو انہوںنے محکمہ بجلی سے رابطہ کرنے کو کہا جب بجلی کے ادارے کو فون کیا تو وہاں بھی کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔ برساتی ریلے نے بجلی کے پول بھی گرا دیئے جس کی وجہ سے علاقے میں ابھی تک بجلی بھی نہیں ہے اور اہل علاقہ شدید مشکلات میں مبتلا ہیں ۔ واضح رہے 2 روز قبل مکہ مکرمہ میں شدید بارش ہوئی جس سے متعدد علاقے متاثر ہوئے ۔ برساتی ریلے نے کافی علاقوں کو نقصان پہنچایا متعدد گاڑیاں ریلے میں بہہ گئیں ۔ شہری دفاع کے اہلکاروں نے برساتی ریلے میں پھنسے ہوئے 30افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیاتھا۔ 

شیئر: