ریاض میں ’ڈرائیو ان سینما‘ ہر روز تین فلمیں دکھائی جائیں گی
ریاض میں ’ڈرائیو ان سینما‘ ہر روز تین فلمیں دکھائی جائیں گی
ہفتہ 16 جنوری 2021 5:26
ریاض میونسپلٹی جلد ہی آن لائن ٹکٹ بکنگ کا طریقہ جاری کرے گی- (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں ریاض میونسپلٹی نے ’ڈرائیو ان سینما‘ اور ’ومیض الریاض‘ (ریاض چمک) کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ یہ دونوں پروگرام پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے ہوں گے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ریاض میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ سعودی وژن 2030 کے تناظر میں نئے انداز کے پروگرام متعارف کرائے جا رہے ہیں جن کا مقصد یہ ہے کہ شہر کے لوگ اپنی پسند اور ذوق کے پروگرام میں شریک ہوں۔
اس سلسلے میں سپیشلسٹ نیشنل کمپنیوں اور اداروں کو نئے طرز کے پروگرام منعقد کرنے کے مواقع دیے جائیں گے۔ جس سے معیار زندگی بہتر ہوگا اور اس میں تنوع سامنے آئے گا۔
ریاض میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ہر روز تین ڈرائیو ان سینما فلمیں دکھائی جائیں گی۔ ان میں عربی اور غیرملکی فلمیں شامل ہوں گی۔ ڈرائیو ان سینما کی جگہ 150 سے زیادہ کاروں کے لیے کافی ہوگی۔
ریاض میونسپلٹی نے اطمینان دلایا کہ ڈرائیو ان سینما شو کے دوران کورونا سے بچاؤ کے لیے مقرر ایس او پیز کی پابندی کرائی جائے گی۔ سماجی فاصلے کی شرط پوری کی جائے گی جبکہ ہر شو کے آخر میں میدان کو سینیٹائز کیا جائے گا۔
ریاض میونسپلٹی نے توجہ دلائی کہ ڈرائیو ان سینما کی خوبی یہ ہے کہ اس میں شائقین کی پرائیویسی کا احترام ہوتا ہے۔ شو میں شرکت کرنے والے گاڑیوں کے سپیکرز کے ذریعے تمام صوتی مکالمے سن سکیں گے۔ اس موقع پر فوڈ ٹرکس کے لیے جگہ مخصوص ہوگی۔ شائقین میں سے کسی کو بھی گاڑی سے اترنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی ایپلی کیشن کے ذریعے وہ تمام سہولتیں حاصل کر سکیں گے۔
ریاض میونسپلٹی نے بتایا کہ وہ جلد ہی ٹوئٹر کے اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر ڈرائیو ان سینما شو کے ٹکٹ بک کرانے کا طریقہ کار جاری کرے گی۔
ریاض میونسپلٹی نے بتایا کہ ومیض الریاض پروگرام میونسپلٹی، طرفۃ عین اور مووی سعودی کمپنی کے تعاون سے منعقد کرے گی۔ یہ ڈرائیو ان سینما شو کا منفرد تجربہ ہوگا۔ اس کی بدولت دارالحکومت کے باشندے اور سیاح منفرد قسم کے تفریحی پروگراموں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں