Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تفریح گاہوں میں اضافہ: ریاض ، جدہ کے بعد دمام میں سینما کا افتتاح 

سعودی عرب کے مشرقی ریجن کے علاقے دمام میں پہلے سینما گھر کا افتتاح کر دیا گیا۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریاض اور جدہ کے بعد مشرقی ریجن میں قائم کیا جانے والا یہ پہلا سینما ہے۔
میڈیا جنرل اتھارٹی کے اعلیٰ عہدیدار افتتاح کے موقع پر موجود تھے۔ سینما ویسٹ ایونیو مال میں قائم کیا گیا ہے۔ اتھارٹی کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ مملکت کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کو صحت مند تفریح کے بہترین اور اعلیٰ مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس سینما کے قیام کا مطالبہ کافی عرصہ سے لوگوں کا تھا جسے پورا کیا گیا۔
واضح رہے مملکت میں پہلا سینما ریاض شہر کے کنگڈم ٹاور میں کھولا گیا تھا جس کا افتتاح شہزادہ ولید بن طلال نے کیا تھا۔

ریاض اور جدہ کے بعد مشرقی ریجن میں قائم کیا جانے والا یہ پہلا سینما ہے۔ تصویر: سعودی حکومت کی ویبسائٹ

اس سینما کو مشرق وسطیٰ کا سب سے اعلیٰ سینما کہا جا رہا ہے جس میں آرام دہ نشستیں لگائی گئی ہیں۔ شائقین کی سہولت کے لیے ریستوران کی سہولت بھی موجودہے۔ ویٹرز کی خدمات بھی مہیا کی گئی ہے۔ 
 ریاض کے بعد جدہ شہر میں دوسرا سینما 29 جنوری 2019 کو کھولا گیا جو واکس کمپنی کی جانب سے ریڈ سی مال میں قائم ہے۔ سینما انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں سینما کے میدان میں کافی پوٹینشل ہے۔ اندازہ ہے کہ ایک برس میں 3.5 کروڑ افراد سینما سے لطف اندوز ہوں گے۔
واضح رہے مملکت میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے مختلف شہروں میں سینما گھروں کا قیام اور تفریحی کمیٹی کے تحت سمر فیسٹول کا انعقاد جاری ہے جس میں مختلف ممالک کے ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے جا رہے ہیں ۔ 
 

شیئر: