مصر کے ساحل پر نیلی مچھلی کی عجیب و غریب آوازیں سنی جارہی ہیں۔ فوٹو: ٹوئٹر
مشرق وسطی میں سوشل میڈیا پرالحوت الازرق(نیلی مچھلی) ہیش ٹیگ کے چرچے ہیں۔دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مصر کے شمالی ساحل پر نیلی مچھلی کی عجیب و غریب آوازیں سنی جارہی ہیں۔
لوگوں نے ان عجیب وغریب آوازوں کے بارے میں افسانوی قصے پھیلا دیے ہیں۔
الشرق الاوسط اور سبق ویب سائٹ کے مطابق بعض لوگوں کا کہناہے کہ یہ خوفناک آوازیں نیلی مچھلی کی ہیں۔ یہ 30میٹر لمبی ہوتی ہے۔اس کاوزن 170 ٹن بلکہ اس سے کہیں زیادہ ہے۔
نیلی مچھلی کا جسم لمبا اور پتلا ہوتا ہے اور یہ کئی رنگ بدلتی ہے۔ دوپہر کے وقت اس کا رنگ نیلا اور سرمئی ہوتا ہے۔ نچلا حصہ کھلے رنگ کا ہوتا ہے۔ نیلی مچھلی کی کم از کم تین نسلیں پائی جاتی ہیں۔
سوشل میڈیا پرالحوت الازرق(نیلی مچھلی) ہیش ٹیگ کے چرچے ہیں۔ فوٹو: ٹوئٹر
مصر کی وزارت ماحولیات نے ایک وضاحتی بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر مصر کے شمالی ساحل کے جو وڈیو کلپ سامنے آئے ہیں اور انہیں دیکھتے وقت جو آوازیں سنی جارہی ہیں وہ فرضی ہیں۔ انہیں علیحدہ سے جوڑا گیا ہے۔
وزارت ماحولیات نے بیان میں مزید کہا یہ بات ہر وہ شخص سمجھ سکتا ہے جو سمندر کی بڑی مچھلیوں کی آوازوں کی پہچان رکھتا ہے۔
’نیلی مچھلیوں کی آوازوں اور وڈیو کلپ کے ساتھ چلنے والی آوازوں میں واضح فرق موجود ہے۔ نیلی مچھلیوں کی آوازیں مدہم ہوتی ہیں۔ انہیں سننا بسا اوقات مشکل ہی ہوتا ہے تاہم جدید طرز کے سائنٹفک آلات کی مدد سے ان آوازوں کو ریکارڈ کر کے انہیں بڑھا لیا جاتا ہے۔‘
وزارت ماحولیات کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ خصوصی ٹیموں نے مقامی شہریوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے کر کے وڈیو کلپس کی حقیقت جاننے کی کوشش کی۔ سب نے ایک ہی بات کہی اور وہ یہ کہ شمالی ساحل کے کسی بھی شہر میں نیلی مچھلیوں کی آوازیں نہیں سنی گئیں۔
’بحیرہ روم میں کئی طرح کی مچھلیاں پائی جاتی ہیں۔ مصری ساحل پر نیلی مچھلیوں کا بار بار نظر آنا ہمارے شمالی ساحل کے ماحول کی سلامتی کا پتہ دیتا ہے۔‘
مصر کی وزارت ماحولیات نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی کوئی حرکت نہ کریں جس سے سمندر میں نظرآنے والی مچھلیوں کو کوئی نقصان پہنچے ۔ مصری سمندر میں جس قسم کی اور جتنی مچھلیاں پائی جاتی ہیں وہ انسانوں کو نقصان نہیں پہنچاتیں۔
آج تک ایسا کوئی واقعہ ریکارڈ پر نہیں آیا جس سے پتہ چلتا ہوں کہ کسی مچھلی نے بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر کسی انسان پر حملہ کیا ہو۔
واضح رہے کہ مصر کی وزارت ماحولیات نے مئی 2018 کو اعلان کیا تھا کہ بریف کوڈا مچھلی جو خلیج عقبہ میں پائی جاتی ہے۔ اسے پہلی مرتبہ مصری سمندر میں د یکھا گیا ہے۔