'زیادہ غلطیاں مرد کرتے ہیں، معافی بھی مانگ لیا کریں'
جمعرات 21 جنوری 2021 19:46
سیف اور کرینہ کی شادی اکتوبر 2012 میں ہوئی تھی۔ فوٹو اے ایف پی
ہر شادی شدہ جوڑے کی طرح بالی وڈ کے ستارے کرینہ کپور اور ان کے شوہر سیف علی خان بھی جھگڑتے ہیں، لیکن ہمیشہ سیف ہی لڑائی کے بعد کرینہ کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں۔
کرینہ کپور نے اپنے کے شو ’واٹ ویمن وانٹ‘ یعنی ’خواتین کیا چاہتی ہیں‘ میں انہوں نے اداکار کنال خیمو سے سوال کیا کہ جب وہ اور ان کی اہلیہ سوہا علی خان جھگڑتے ہیں تو پہلے معافی کون مانگتا ہے۔
کنال خیمو سیف کی بہن سوہا علی خان کے شوہر ہیں۔
کرینہ کپور کے سوال پر کنال خیمو نے کہا کہ سوری کا لفظ سوہا کی لغت میں تھا لیکن اب وہ صفحہ ہی پھٹ گیا ہے اور کسی غلط جگہ جا کر لگ گیا ہے۔
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’وہ صفحہ اب ملتا ہی نہیں ہے، کبھی مل گیا تو ایسا لگتا ہے کہ بہت بڑی بات ہو گئی ہے۔‘
کنال خیمو نے بتایا کہ ہمیشہ وہ پہلے معافی مانگتے ہیں اور صلح کرتے ہیں۔
سیف کے ساتھ اپنے رشتے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کرینہ نے کہا کہ ہمیشہ سیف لڑائی کے بعد صلح کے لیے ہاتھ بڑھاتے ہیں۔
کرینہ کا کہنا تھا کہ زیادہ تر غلطیاں مرد ہی کرتے ہیں، تو بہتر ہے کہ وہ ہی معافی مانگ لیا کریں لیں اور صلح بھی کر لیا کریں۔
سیف اور کرینہ کی شادی 16 اکتوبر 2012 میں ہوئی تھی۔
ان کا ایک بیٹا ہے جس کا نام تیمور ہے اور اب کرینہ دوسری اولاد کے ساتھ حاملہ ہیں۔
اپنے حمل کے بارے میں انہوں نے انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کو انٹرویو میں بتایا تھا کہ اس مرتبہ حمل کے دوران وہ زیادہ وزن نہیں بڑھانا چاہتیں اور اسی لیے متوازن غذائیں لے رہی ہیں۔