کرینہ کپور پڑھائی میں زیادہ اچھی تھیں یا کرشمہ کپور؟
کرینہ کپور نے انکشاف کیا کہ وہ کلاس میں کچھ دیر کے لیے سو بھی جاتی تھیں (فوٹو: پنک ولا)
کرینہ کپور بالی وڈ کی نامور اداکارہ ہیں جن کے کام کو بے حد سراہا جاتا ہے، لیکن اگر یہ کہا جائے کہ ان کے اور ان کی بہن کرشمہ کپور کے درمیان کرشمہ زیادہ ہونہار طالب علم ہے تو کیا یہ حیرت انگیز بات نہیں ہوگی؟
حیرت انگیز ہی سہی لیکن یہ بات سچ ہے کیونکہ انڈین انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ پِنک ولا کے مطابق دونوں بہنوں کے والد رندھیر کپور جب ان سے دونوں بہنوں کے تعلیمی دور پر سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کپور بہنوں میں کرشمہ پڑھائی میں زیادہ طاق تھیں۔
تاہم انڈین نیوز چینل انڈیا ٹوڈے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ وہ اداکاری میں تیزی سے کام سیکھ جاتی ہیں لیکن سکول کے دنوں میں وہ بہت اچھی طالبہ نہیں تھیں اور اساتذہ ان پر زیادہ دھیان بھی نہیں دیتے تھے۔
اپنے سکول کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب ان کی والدہ انہیں صبح چھ بجے جگانے آتی تھیں تو اس وقت وہ ایک اور گھنٹہ سونے کے لیے مانگتی تھیں اور انہیں سکول کا بھاری بستہ اٹھانا بوجھ لگتا تھا۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ کلاس میں کچھ دیر کے لیے سو بھی جاتی تھیں۔
تاہم کرینہ کپور نے کہا کہ ان کے اساتذہ ان کی والدہ جتنی اہمیت رکھتے ہیں اسی وجہ سے ان کا کہنا ہے کہ اساتذہ اور طلبہ کے درمیان رابطہ ہونا چاہیے۔