پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ملائشیا میں ضبط کیے گئے بوئنگ 777 طیارے کی لیز کی مد میں واب الادا 70 لاکھ ڈالر ادا کر دیے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’پی آئی اے انتظامیہ نے پیری گرین کمپنی کو جمعے کے روز دو طیاروں کی لیز کی مد میں 70 لاکھ ڈالر ادا کر دیے ہیں اور لندن کی عدالت کو بھی اس بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
پی آئی اے کے طیاروں کی لیز پر کیا تنازعات ہیں؟Node ID: 534396
خیال رہے کہ پی آئی اے نے پیری گرین کمپنی سے 2015 میں بوئنگ 777 طیارہ لیز پر حاصل کیا تھا۔ اس پر جولائی 2020 سے لیز کی رقم ادا نہ کرنے پر کمپنی نے لندن کی عدالت سے رجوع کیا جبکہ گذشتہ ہفتے کمپنی نے ملائشیا کی عدالت میں پی آئی اے کے اثاثے ضبط کرنے کا مقدمہ درج کر دیا تھا جس پر ملائشیا کی عدالت نے پی آئی اے کے طیارےکو روکنے کی ہدایت کی تھی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کمپنی نے گذشتہ برس اکتوبر میں 90 لاکھ ڈالر کے حصول کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا جبکہ پی آئی اے کا موقف ہے کہ کورونا وبا کے بعد ہوابازی کے شعبے میں بحران کے باعث اوور ہیڈ چارجز کم کیے جائیں جس پر کمپنی اور انتظامیہ کے درمیان تنازع کھڑا ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ ’ 70 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کے بعد دونوں فریقین کے درمیان معاملات جلد طے پائیں گے اور طیارے کو پاکستان کے حوالے کر دیا جائے گا۔‘
یاد رہے کہ 15 جنوری کو پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کے ایک مسافر طیارے کو ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں روک لیا گیا تھا۔
