امریکی صدر جو بائیڈن نے برطانوی وزیراعظم کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں تعلقات کو مضبوط بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے تعاون پر بات چیت کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جو بائیڈن کے صدر بننے کے بعد دونوں سربراہوں کے درمیان یہ پہلی ٹیلی فونک گفتگو تھی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، پیرس معاہدے اور کورونا وائرس سے نمٹنے پر تبادلہ خیال کی۔
برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے رپورٹ کیا ہے کہ جانسن پہلے یورپی رہنما ہیں جنہیں نئے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے فون کال موصول ہوئی۔
مزید پڑھیں
-
’بائیڈن انتظامیہ افغان طالبان سے ڈیل کا ازسرنو جائزہ لے گی‘Node ID: 534896
صدر جو بائیڈن نے ان سے پہلے کینیڈا کے وزیراعظم اور میکسیکو کے صدر سے بات کی تھی۔
حلف اٹھانے کے بعد صدر جوبائیڈن نے پہلی بات چیت کینیڈا کے وزیراعظم سے کی تھی، کسی عالمی رہنما کو یہ ان کا پہلا فون تھا۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے فون پر بات کرنے کی ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی اور لکھا کہ ’آج شام صدر جو بائیڈن سے بات کر کے اچھا لگا۔‘
اس گفتگو سے ظاہر ہو رہا ہے کہ سرد مہری کے شکار تعلقات کو بہتر بنایا جا رہا ہے، جوبائیڈن نے 2019 میں بورس جانسن کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ’جسمانی اور جذباتی چربہ‘ قرار دیا تھا۔ انہوں نے برطانوی وزیراعظم کی بریگزٹ پالیسی پر بھی تنقید کی تھی۔
ڈاؤننگ سٹریٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں رہنماؤں نے دونوں ملکوں کے درمیان آزادانہ تجارت کے ممکنہ فوائد پر تبادلہ خیال کیا۔‘
Great to speak to President @JoeBiden this evening. I look forward to deepening the longstanding alliance between our two countries as we drive a green and sustainable recovery from COVID-19. pic.twitter.com/Y4P3G74PPz
— Boris Johnson (@BorisJohnson) January 23, 2021