ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے پرتشدد مظاہروں کے بعد سخت سکیورٹی حصار میں امریکہ کے 46 ویں صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس نے حلف اٹھا لیا۔ اس سے قبل امریکہ کی پہلی سیاہ فام خاتون نائب صدر کملا ہیرس نے حلف اٹھایا۔
جو بائیڈن نے حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آج امریکہ اور جمہوریت کا دن ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’ہم داخلی دہشت گردی اور سفید فام بالادستی کو شکست دیں گے۔‘
’امریکہ کو سیاسی انتہا پسندی، سفید فام بالادستی اور داخلی دہشت گردی کا سامنا ہے جس کا ہمیں مقابلہ کرنا ہے، اور ہم اسے شکست دیں گے۔‘
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ’آج جمہوریت کامیاب ہوئی ہے۔ میں امریکی آئین کی طاقت پر یقین رکھتا ہوں۔‘
مزید پڑھیں
-
صدر ٹرمپ کے حامیوں کا کیپیٹل ہل پر دھاوا، چار ہلاک، 52 گرفتارNode ID: 530396
-
پرتشدد مظاہروں کا امکان، امریکہ میں سکیورٹی سختNode ID: 533286
-
وہ سب حاصل کیا جس کے لیے اقتدار میں آئے: ٹرمپ کا الوداعی پیغامNode ID: 533921
’اب مجھے امریکہ اور امریکی قوم کو متحد کرنا ہے۔ تشدد اور لڑائی کے بغیر بھی اختلافات حل کیے جا سکتے ہیں۔‘
امریکی صدر جو بائیڈن نے عہد کیا کہ ’وہ تمام امریکیوں کے صدر ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جمہوریت قائم ہے، چند روز قبل یہاں کشیدگی ہوئی تھی لیکن پرسکون انتقال اقتدار ہوا اور وہ امریکہ کے مستقبل کے لیے مثبت سوچ رکھتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اپنے آئین اور قوم کی طاقت کا اندازہ ہے، امریکہ ہم سب سے وابستہ ہے، ہمارے لوگ عظیم ہیں۔‘
جو بائیڈن نے امریکہ میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے شہریوں کے احترام میں چند لمحے کے لیے خاموشی بھی اختیار کی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ’امریکہ عالمی وبا کے تباہ کن مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔‘
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کو وائٹ ہاؤس سے رخصت ہو چکے ہیں۔ انہوں نے جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شریک نہ ہونے کا پہلے ہی اعلان کر دیا تھا۔
تاہم اس تقریب میں امریکہ کے تین سابق صدور شریک ہوئے جن میں براک اوبامہ، جارج بُش اور بل کلنٹن شامل تھے۔
جو بائیڈن کے صدارتی منصب سنبھالنے پر عالمی رہنماؤں کا ردِعمل
عالمی رہنماؤں نے جو بائیڈن کو امریکی صدارت کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے جو بائیڈن کو امریکی صدارت کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔ بدھ کو اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ’نومنتخب صدر کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔‘
روس نے نئے امریکی صدر سے کہا ہے کہ ’توقع ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ اس کے ساتھ بات چیت میں زیادہ تعمیری طریقہ اختیار کرے گی۔‘
اسرائیل کے وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے امید ظاہر کی ہے کہ ’جو بائیڈن دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اتحاد کو مستحکم کریں گے۔‘
دورِصدارت کےآغاز پرمیں صدر @JoeBiden کومبارکباد پیش کرتاہوں اورتجارت واقتصادی سرگرمیوں، ماحولیاتی تغیر کےانسداد، صحت عامہ میں بہتری، بدعنوانی کےخاتمے اور خطے اور اس کے پار فروغِ امن کے ذریعے مضبوط تر پاک-امریکہ شراکت داری کیلئے @POTUS کیساتھ کام کرنے کا خواہاں ہوں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 20, 2021