بلاول ہاؤس میں بختاور بھٹو کی شادی کی تقریب، لیاری کے ککری گراؤنڈ میں جشن
بلاول ہاؤس میں بختاور بھٹو کی شادی کی تقریب، لیاری کے ککری گراؤنڈ میں جشن
ہفتہ 30 جنوری 2021 21:49
توصیف رضی ملک -اردو نیوز- کراچی
سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی محمود چوہدری سے شادی کی تقریب آج کراچی میں بلاول ہاؤس میں منعقد کی گئی جس میں دونوں خاندانوں کے افراد کے علاوہ پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے شرکت کی۔
بختاور بھٹو اور محمود چوہدری کا نکاح جمعے کو ہوا تھا جس کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بہن کے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا ’میری بہن بختاور بھٹو زرداری کی شادی ایک طویل عرصے بعد آنے والا خوشیوں کا لمحہ ہے، مجھے ایسا لگا کہ مسرت کے اس لمحے میں میری والدہ ہمیں دیکھ رہی ہیں، میری جانب سے دونوں کو ایک ساتھ نئی زندگی کی ابتداء کی مبارک باد ہو-‘
سنیچر کو بلاول ہاؤس میں شادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سعید غنی، شرمیلا فاروقی، نفیسہ شاہ، آغا سراج درانی، قمر زمان کائرہ سمیت کئی سینیئر پارٹی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولسائی کے مطابق شادی کی تقریب کورونا ضابطہ کار کو مدنظر رکھتے ہوئے منعقد کی گئی، یہی وجہ ہے کہ تقریب میں صرف 300 مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔
دوسری جانب لیاری کے ککری گراؤنڈ میں بختاور بھٹو کی شادی کا جشن منایا گیا۔
واضح رہے کہ بختاور بھٹو سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی سب سے بڑی صاحبزادی ہیں۔ بینظیر بھٹو کی شادی کی تقریب 1987 میں لیاری کے ککری گراؤنڈ میں ہوئی تھی اور لیاری کے عوام آج بھی اس تقریب کی میزبانی کرنے کو اپنے لیے باعث فخر سمجھتے ہیں۔
بختاور بھٹو کی شادی کے موقع پر بھی لیاری کے عوام کی خواہش تھی کہ ان کی شادی کی تقریب بھی لیاری میں ہی منعقد ہو۔
کورونا کی وجہ سے محدود پیمانے پر شادی کی تقریب منعقد ہوئی لیکن لیاری کے عوام نے اپنے علاقے میں ہی بختاور کی شادی کا جشن منایا۔
پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے صدر خلیل اوتھ کی سرپرستی میں لیاری کے ککری گراؤنڈ میں بختاور کی شادی کا جشن دھوم دھام سے منایا گیا۔
اس موقع پر لیاری کی خواتین نے مہندی کے تھال سجائے اور وہ گلی محلوں سے مہندی لے کر پنڈال تک جلوس کی صورت میں گانے گاتے ہوئی آئیں۔
شادی کا جشن منانے کے لیئے ککری گراؤنڈ میں پنڈال سجایا گیا تھا۔
گراؤنڈ کے وسط میں پنڈال سجایا گیا تھا، اور سٹیج سے شادی اور خوشی کی مناسبت سے پارٹی ترانے اور گیت بجائے جا رہے تھے۔ تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ ہوا۔ گراؤنڈ میں موجود ہزاروں افراد کے علاؤہ علاقہ مکینوں نے گھروں کی کھڑکیوں سے بھی آتش بازی کا نظارہ دیکھا۔