بختاور بھٹو کی منگنی، ’دعاؤں پر شکر گزار‘
بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد کی گئی (فوٹو: ٹوئٹر)
سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی کی منگنی کی تقریب کراچی کے بلاول ہاؤس میں منعقد کی گئی۔ کورونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے ان کے بھائی اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تقریب میں ورچوئل شرکت کی۔
بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کے دعوت نامے قبل ازوقت آن لائن لیک ہو جانے اور پھر باقاعدہ اس کی اطلاع سامنے آنے کے بعد گزشتہ کئی روز سے اس سرگرمی سے متعلق تبصرے سوشل ٹائم لائنز پر نمایاں رہے ہیں۔
آج 27 نومبر کو منگنی کی تقریب کے انعقاد سے چند گھنٹے قبل خود بختاور بھٹو زرداری نے ٹوئٹر کو جذبات کے اظہار کا ذریعہ بنایا تو اسے ایک ’جذباتی موقع‘ قرار دیا۔
ایک ٹویٹ میں اپنی منگنی کے موقع کے جذبات اور اردگرد کا ذکر کرتے ہوئے بختاور بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’ہر ایک کی محبت اور دعاؤں پر بہت شکر گزار ہوں۔ خصوصا ہماری پیپلزپارٹی کی فیملی جس کا مجھے اندازہ ہے کہ وہ شرکت کے لیے بے چین ہیں‘۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مزید لکھا ’انشااللہ یہ صرف ابتدا ہے، ہم کورونا کے بعد کی دنیا میں اس سے محظوظ ہو سکیں گے‘۔ بختاور نے اس موقع پر اپنی والدہ اور اہلخانہ کو دعاؤں میں یاد رکھنے کی اپیل بھی کی۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بختاور کو ان کی زندگی کے اس اہم مرحلے پر ڈھیروں مبارکباد دی تو ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔
کچھ ایسے صارفین بھی گفتگو کا حصہ بنے جنہوں نے منگنی کے موقع کو سب ہی کے لیے ایک جذباتی دن قرار دیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ آج کا دن ان کے لیے مستقل خوشیوں بھرے سفر کا نکتہ آغاز ٹھہرے۔
منگنی و شادی کا موقع ہو تو اس کی تصاویر کا تذکرہ بھی خاصا اہم ہو جاتا ہے، باالخصوص وہ لوگ جو خواہش کے باوجود ایسے مواقع سے دور ہوتے ہیں ان کی خواہش رہتی ہے کہ وہ کسی طرح خوشیوں بھرے لمحات کو دیکھ سکیں۔ بختاور کی ٹویٹ کے جواب میں لندن میں مقیم پاکستانی شمع جونیجو نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تو ساتھ ہی آج کے موقع کی تصاویر دیکھنے سے متعلق اپنی بے چینی کا ذکر بھی کیا۔
بختاور کو ان کی منگنی کے موقع پر مبارکباد دینے والے متعدد صارفین نے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ان کے بھائی اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جلد صحتیابی سے متعلق دعا بھی کی۔
بختاوربھٹو زرداری کی منگنی محمود چوہدری سے ہوئی ہے۔ سابق صدر آصف زرداری کے ہونے والے داماد محمود چوہدری بیرون ملک مقیم تاجر یونس چوہدری کے بیٹے ہیں۔
25 جنوری 1990 کو پیدا ہونے والی بختاور بھٹو زرداری تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔ بیرون ملک یونیورسٹی سے انگلش لٹریچر میں ماسٹر کرنے والی بختاور اپنے بھائی بلاول اور بہن آصفہ کے مقابلے میں عملی طور پر میدان سیاست سے دور ہی رہی ہیں البتہ ابلاغی فورمز پر سیاست سمیت مختلف موضوعات پر اظہار خیال کرتی رہی ہیں۔