ضوابط کی خلاف ورزی پر طائف کی معروف دکانیں بند
بلدیہ نے کہا ہے کہ کسی بھی دکان کے ساتھ اس کی شہرت کی وجہ سے رعایت نہیں کی جائے گی (فوٹو: سبق)
طائف میونسپلٹی کی خواتین تفتیشی اہلکاروں نے شہر کے معروف ریستوران، مٹھائی کی دکان اور بیکری کو بند کر دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’مذکورہ دکانوں میں صحت اور بلدیہ کے ضوابط کی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئی ہیں۔‘
بلدیہ نے کہا ہے کہ ’صفائی کا فقدان، حشرات کا پایا جانا، صحت کارڈ کا نہ ہونا اور کھانے پینے کی اشیا کو ضوابط کے خلاف ذخیرہ کرنے جیسی متعدد خلاف ورزیوں کو جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔‘
بلدیہ کے مطابق خواتین اہلکاروں نے اس سے قبل مذکورہ دکانوں کے مالکان کو نوٹس جاری کیے تھے۔
بلدیہ نے کہا ہے کہ ’تمام دکانوں کے مالکان کو عموما اور کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والے اداروں کو خصوصی طور پر صفائی کے ضابطوں کا خیال رکھنا ہے۔‘
بلدیہ نے مزید کہا کہ اس ضمن میں کسی بھی دکان کے ساتھ اس کی شہرت کی وجہ سے رعایت نہیں کی جائے گی۔
بلدیہ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ ’جہاں کہیں بھی کوئی خلاف ورزی دیکھیں تو فوری طور پر رابطہ کریں۔‘