ایس او پیز کی 6 ہزار 200 خلاف ورزیاں، 1504 دکانیں سیل
ایس او پیز کی 6 ہزار 200 خلاف ورزیاں، 1504 دکانیں سیل
اتوار 7 فروری 2021 4:50
گزشتہ 3 دن میں 27 ہزار سے زائد تفتیشی دورے کیے گئے ہیں۔ ( فوٹو سبق)
سعودی وزارت بلدیات و دہی ترقی کی تفتیشی ٹیموں نے کورونا ایس اوپیز پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کےلیے مملکت کے مختلف شہروں میں گزشتہ 3 دنوں میں 27 ہزار سے زائد تفتیشی دورے کیے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت کی تفتیشی ٹیموں نے کورونا ضوابط پر عمل نہ کیے جانے پر 6 ہزار 200 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں جبکہ 1504 دکانوں کو سیل کیا گیا۔
وزارت بلدیات و دہی ترقی کیجانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ مملکت میں مقرر کردہ کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کویقینی بنانے کےلیے تفتیشی دورے کیے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو کورونا وائرس کی نئی لہر سے محفوظ رکھا جاسکے۔
تفتیشی دورے مملکت کے مختلف ریجنز میں اشیائے خورونوش کی مارکیٹوں کے علاوہ عوامی مقامات اور مختلف اشیا فروخت کرنےوالی مارکیٹوں کے لیے گئے جن کا مقصد ایس اوپیز پر عمل نہ کرنےوالوں کے خلاف کارروائی کرنا ہے۔
سب سے زیادہ دورے قصیم ریجن کی ٹیموں نے کیے جن کی تعداد 4991 رہی جبکہ مشرقی ریجن کی ٹیموں نے 4118 اور عسیر ریجن میں 2376 تفتیشی دورے کیے گئے۔
بلدیاتی ٹیموں نے دوروں کے دوران سب سے زیادہ خلاف ورزیاں ریاض ریجن میں ریکارڈ کی گئی جن کی تعداد 2154 تھی جبکہ الاحسا ریجن میں 793 اور مدینہ منورہ ریجن میں 697 خلاف ورزیاں نوٹ کی گئیں۔
مملکت کے مختلف شہرو ں میں بلدیاتی ٹیموں نے گزشتہ 3 روز میں 1504 دکانوں کو سیل کیا جہاں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کرایا جارہا تھا۔
مشرقی ریجن میں سیل کی جانے والی دکانوں کی تعداد 305 جبکہ ریاض میں 196 اور جدہ میں 181 رہی ۔
دکانوں اور تجارتی اداروں میں مقرر کردہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آنے والے صارفین کی تعداد بھی مقررہ حد سے زیادہ پائی گئی جبکہ وہاں جسمانی درجہ حرارت ریکارڈ کرنے والے آلات کا بھی اہمتام نہیں کیا گیا تھا۔
وزارت بلدیات نے شہری اورغیر ملکیوں سے کہا ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز پرسختی سےعمل کریں اگر کہیں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی نوٹ کی جائے تو وزارت کے ٹول فری نمبر940 پر اس کی اطلاع دیں۔