کورونا وائرس میں فائدہ حاصل کرنے والی کمپنیوں پر مزید ٹیکس
کورونا وائرس میں فائدہ حاصل کرنے والی کمپنیوں پر مزید ٹیکس
اتوار 7 فروری 2021 20:24
برطانوی حکومت نے تبادلہ خیال کے لئے کمپنیوں کو طلب کیا ہے۔(فوٹو اے پی)
برطانیہ نے ایسی ٹیکنیکل اور ریٹیلر کمپنیوں پر مزید ٹیکس لگانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جن کمپنیوں نے کورونا وائرس کے دنوں میں ضرورت سے زیادہ منافع حاصل کیا ہے۔ سنڈے ٹائمز نے ایک ای میل کا حوالہ دیتے ہوئے یہ خبر جاری کی ہے۔
روئیٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ برطانوی حکومت نے کمپنیوں کو آن لائن سیلز ٹیکس کے معاملے پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے طلب کیا ہے۔
اس کے علاوہ ضرورت سے زیادہ منافع پر بھی ٹیکس لگانے کے لئے ایک منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔
اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ برطانوی وزیر خزانہ رشی سونک 3 مارچ کو ہونے والے بجٹ اعلان میں یہ ٹیکس لاگو کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
اس سے قبل ٹیکس پروگرام میں توسیع اور کاروباری اداروں کے لئے تعاون پر توجہ دی جائے گی۔
اس کے بجائے سال کی دوسری ششماہی میں اس ٹیکس کی بابت کوئی واضح پالیسی منظر عام پر آ سکتی ہے۔
رشی سونک کو نیا بجٹ پیش کرتے ہوئےاپنی کنزرویٹو پارٹی میں سے کچھ لوگوں کے دباؤ کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے تاکہ یہ ظاہر کیا جاسکے کہ اخراجات کنٹرول میں ہیں۔
وزیر خزانہ نے وعدہ کیا ہے کہ کورونا وبا کے خاتمے کے بعد معیشت کی بحالی شروع ہونے سے مالی استحکام کی پائیدار بنیاد پر رکھیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ مہینے کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوا ہے کہ اپریل2021 میں مالی سال کے آغاز کے بعد سے عوامی قرضے ریکارڈ 271 بلین پاؤنڈ (370 بلین ڈالر) تک جا پہنچے ہیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے سنڈے ٹائمز کی رپورٹ پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔