سعودی یونیورسٹیوں میں آن لائن ایجوکیشن کے لیے داخلوں کا آغاز
سعودی یونیورسٹیوں میں آن لائن ایجوکیشن کے لیے داخلوں کا آغاز
منگل 9 فروری 2021 18:15
آن لائن تعلیم کے تجربے کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے بھی کام کیا گیا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں حکومت کی منظوری کے بعد متعدد یونیورسٹیوں میں ای لرننگ اور فاصلاتی تعلیمی پروگرام کے دوسرے سمسٹر کے لیے داخلے کھل گئے ہیں۔
سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جن یونیورسٹیوں میں آن لائن ایجوکیشن کے دوسرے سمسٹر کی اجازت دی گئی ہے ان میں کنگ عبد العزیز یونیورسٹی ، کنگ سعود یونیورسٹی ، کنگ فیصل یونیورسٹی ، شہزادی نورہ بنت عبد الرحمان یونیورسٹی اور قصیم یونیورسٹی شامل ہیں۔
سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ نے بتایا ہے کہ اس سال ڈپلومہ پروگراموں میں داخلے صرف مارکیٹنگ ، بینکاری ، انشورنس اور عوامی انتظامیہ کے شعبے تک ہی محدود رہیں گے۔
وزارت تعلیم کورونا وائرس کے پھیلاو کے بعد سے دور دراز بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے اور سیکھانے کے پروگراموں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
اس کے علاوہ وزارت تعلیم نے وزارت صحت کے اشتراک سے عام تعلیم اور یونیورسٹی تعلیم کے لئے دو الگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہیں۔
وزارت تعلیم نے مدرستی پلیٹ فارم اور قومی تعلیمی پلیٹ فارم عین جیسے پروگراموں کے ذریعے آن لائن تعلیم کے تجربے کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے بھی کام کیا ہے۔