ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے رمضان المبارک کے دوران ہیوی ٹرکس ڈرائیوروں کے اوقاتِ کار میں کمی کرتے ہوئے ایک دن میں 9 گھنٹے سے زیادہ ڈرائیونگ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کی انتظامیہ قوانین پر سختی سے عمل کریں ۔ ٹرک ڈرائیوروں سے یومیہ 9 گھنٹے سے زیادہ ڈرائیونگ نہ کرائی جائے۔ انتہائی ضرورت پڑنے پر دورانیہ 10 گھنٹے ہفتے میں صرف 2 بار کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں
-
گرین ٹیکسی کے لیے ضوابط، ڈرائیوروں کےلیے کیا پابندیاں ضروری ہیں؟Node ID: 787206
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں ڈرائیوروں کے کام کا دورانیہ 56 گھنٹے سے زیادہ نہ ہو۔ ضوابط میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلسل 4 گھنٹے ڈرائیونگ کے بعد 45 منٹ آرام کرنا ضروری ہوگا جبکہ 24 گھنٹے کے مرحلہ وار ڈرائیونگ کے بعد 11 گھنٹے آرام کے ہوں گے۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹرکوں کو روڈ پر لانے سے قبل ان کا فنی معائنہ کرانے کی بھی ہدایت کی ہے جن میں ہیڈ اور بیک لائٹس ، سائیڈ مرر ، بریکس اور دیگر حفاظتی سسٹم شامل ہے۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ حفاظتی اقدامات کے تحت ڈرائیوروں کو آرام کرنے کے ضوابط مقرر کیے ہیں جن پر عمل کرنا ہر ٹرانسپورٹ کمپنی کے لیے ضروری ہے ۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹرک ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹ سے متعلق افراد سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ٹول فری نمبر 19929 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔