Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت واپسی کے لیے دبئی میں پھنسے ’تارکین اپنے ملکوں کو جا سکتے ہیں‘

مسافر سعودی عرب پہنچنے کے لیے متبادل راستے بھی ڈھونڈ رہے ہیں (فوتو: اے ایف پی)
دبئی یا دیگر علاقائی ایئرپورٹس کے ذریعے سعودی عرب واپس پہنچنے کی کوشش کرنے والوں کو ان کے آبائی ملک بھیجا جا سکتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ابو ظہبی میں انڈین سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں متحدہ عرب امارات میں پھنسے ان شہریوں کو جو سعودی عرب اور کویت جانا چاہتے ہیں، انڈیا واپس جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں متعدد غیرملکی شہری گذشتہ کئی ہفتوں سے پروازوں کی معطلی کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں اور سعودی عرب پہنچنے کے لیے بے تابی سے نئے راستے ڈھونڈ رہے ہیں۔
سعودی عرب نے تین فروری سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 20 ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔
ان ممالک میں متحدہ عرب امارات، مصر، لبنان، ترکی، امریکہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس، اٹلی، آئرلینڈ، پرتگال، سوئزرلینڈ، سویڈن، برازیل، ارجنٹینا، جنوبی افریقہ، انڈیا، انڈونیشیا، پاکستان اور جاپان ہے۔
زیادہ تر غیرملکی شہری ان ممالک سے بذریعہ دبئی سعودی عرب واپس آ رہے تھے جہاں سے سعودی عرب کے لیے براہ راست پروازیں نہیں ہیں۔
انڈین ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے دو غیر ملکی شہری عبدالمجید سلیم اور کرسن موہن نے عرب نیوز کو بتایا کہ وہ براستہ دبئی سعودی عرب جا رہے تھے تاہم وہ 18 دن سے دبئی میں پھنسے ہوئے ہیں۔

ایئرپورٹس پر مسافروں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی ہوتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

دونوں الخُبر میں انٹرنیشنل چینل سینٹر الیکٹرونکس سروس کو لمیٹڈ کے لیے کام کرتے ہیں اور چھ ماہ کی چھٹی پر تھے۔
اب وہ سعودی عرب پہنچنے کے لیے پروازوں کے دیگر آپشنز کو دیکھ رہے ہیں۔
’ہم نے تقریباً اپنے 14 دن کی لازمی قرنطینہ مکمل کر لی تھی اور سعودی عرب واپس جانے ہی والے تھے جب پروازوں کی معطلی کا اعلان ہوا۔ ہم سفری پابندیوں کی وجہ سے دبئی میں پھنسے ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ہم کویت، قطر، اومان اور بحرین کے ذریعے سعودی عرب میں داخل ہونے کے لیے پروازیں تلاش کر رہے ہیں ہماری کمپنی مکمل طور پر تعاون کر رہی ہے اور دیگر دستیاب راستے دیکھنے کے بارے میں مشورہ دیا ہے۔‘

سعودی عرب جانے کے لیے کئی دنوں سے شہری ایئرپورٹ میں پھنسے ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

محمد اسلم جمیل ریاض میں ایک ٹریول کمپنی میں ملازمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ’ سفری پابندیوں کی وجہ سے غیرملکی شہریوں کی واپسی متاثر ہوئی ہے، اس سے خاص طور پر انڈین شہری متاثر ہوئے ہیں جو 15 دن کے قیام کے بعد براستہ دبئی سعودی عرب آ رہے تھے۔ جو درخواستیں ہمیں موصول ہو رہی ہیں ان کے مطابق لوگ اب بحرین کے ذریعے واپس آنا چاہ رہے ہیں۔‘
برطانیہ، جنوبی افریقہ اور برازیل میں کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد سفری پابندیاں عائد کی گئیں۔

شیئر: