Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی پروازیں منسوخ: پی آئی اے کا ری فنڈ پالیسی کا اعلان

ترجمان کے مطابق پی آئی اے مسافروں کو بغیر کسی کٹوتی کے ٹکٹس ری فنڈ کرے گا (فوٹو: اے ایف پی)
پی آئی اے نے پاکستان سے سعودی عرب کے لیے جمعرات سے منسوخ کی گئی پروازوں کے مسافروں کے لیے ری فنڈ پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی حکام کی جانب سے کورونا وبا کی لہر کے پیش نظر پاکستان سمیت 20 ممالک سے آنے والے مسافروں کی داخلے پر جزوی پابندی کے باعث پاکستان سے سعودی عرب کے لیے شیڈول تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔  
ان پابندیوں کے باعث ہزاروں مسافر پاکستان سے سعودی عرب کے لیے روانہ نہیں ہوسکیں گے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لگ بھگ 30 ہزار مسافر ان پابندیوں سے متاثر ہوں گے۔  
ٹکٹ ری فنڈ کیسے ہوں گے؟ 
سعودی حکام کی جانب سے پابندیوں کے بعد پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز نے پاکستان سے سعودی عرب کے لیے شیڈول تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ تاہم سعودی عرب سے پاکستان آنے والے مسافر پی آئی اے کے ذریعے سفر کر سکتے ہیں۔  
پی آئی اے نے پاکستان سے سعودی عرب کے لیے جمعرات سے منسوخ کی گئی پروازوں کے مسافروں کے لیے ری فنڈ پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔  
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’جن مسافروں نے کنفرم ٹکٹس خرید رکھے تھے اور ان کی پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں پی آئی اے ان کو بغیر کسی کٹوتی کے ٹکٹس ری فنڈ کرے گا۔‘  
انہوں نے بتایا کہ ’ایسے تمام مسافر پی آئی اے کے دفاتر اور متعلقہ کاونٹرز سے اپنے ٹکٹس جمعرات سے بغیر کسی کٹوتی کے ری فنڈ کرواسکتے ہیں۔‘  
ٹکٹ ری فنڈ کے علاوہ دیگر آپشنز کیا ہیں؟ 

پی آئی اے کے مطابق جو مسافر اپنے ٹکٹس ری فنڈ نہیں کروانا چاہتے ان کی ٹکٹس ری شیڈول کر دی جائیں گی (فوٹو: اے ایف پی)

ایسے مسافر جن کی کنفرم فلائیٹس سفری پابندیوں کے باعث منسوخ کی جاچکی ہیں ان کے پاس ری فنڈ کے علاوہ دوسرا آپشن پروازوں پر پابندیاں اٹھائے جانے کے فیصلے کا انتظار بھی ہے۔ 
ترجمان پی آئی اے کے مطابق جو مسافر اپنے ٹکٹس ری فنڈ نہیں کروانا چاہتے ان کی ٹکٹس ری شیڈول کر دی جائیں گی۔ ‘پروازیں بحال ہوتے ہی کنفرم سعودی عرب کے لیے کنفرم ٹکٹس رکھنے والے مسافروں کے ٹکٹس ترجیحی بنیادوں پر ری شیڈول کر دی جائیں گی۔‘  
پی آئی اے سعودی عرب کے شہر جدہ، ریاض، دمام اور مدینہ کے علاوہ القصیم اور ابہا کے لیے بھی پروازیں آپریٹ کرتا ہے۔ حالیہ پابندیوں کے باعث کم و بیش دو ہفتوں کے لیے شیڈول 50 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔  

شیئر: