پاکستان میں سینیٹ انتخابات کی گرما گرمی عروج پر ہے اور ایسے میں تمام سیاسی جماعتیں اپنے ’بہترین‘ امیدواروں کو میدان میں اتار چکی ہیں۔ البتہ سینیٹ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے امیدوار مخالف سیاسی جماعتوں اور ان کے کارکنان کی تنقید کی زد میں ہیں۔
اسلام آباد کی نشست پر اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے نام پر ابھی بحث جاری ہی تھی کہ تحریک انصاف کی پنجاب سیٹ کے لیے ایک غیر معروف خاتون فرحت شہزادی کو نامزد کرنے پر مخالف جماعتوں کی تنقید شروع ہو گئی۔
ویسے تو کھل کر کسی اپوزیشن رہنما نے فرحت شہزادی کا نام نہیں لیا البتہ سوشل میڈیا پر اس نام پر خاصا چرچا ہو رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کھل کر فرحت شہزادی کے سینیٹ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا دفاع کیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
فیصل واوڈا پر اعتراضات مسترد، سینیٹ کا ٹکٹ انہی کو دینے کا فیصلہNode ID: 541511
شہباز گل نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’سینیٹ میں پنجاب سے خواتین کی اکلوتی نشست پر پی ٹی آئی ڈاکٹر زرقا کو پہلے ہی ٹکٹ جاری کر چکی ہے۔ فرحت بی بی پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔ گذشتہ کئی برسوں سے جماعت میں فعال ہیں۔ انہوں نے سینیٹ کے لیے کاغذات جمع کروائے ہیں جو ان کا حق ہے۔ وہ پارٹی کی کورنگ امیدوار ہیں۔ تنقید سے پہلے حقائق جان کر درست خبر دیں۔‘
اسی کے ساتھ شہباز گل نے ایک ذیلی ٹویٹ میں فرحت شہزادی عرف فرح بی بی کا تعارف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’وہ ایک انٹرپینیور ہیں اور اپنا کاروبار کرتی ہیں، ہمیں خواتین کو آگے آنے کا موقع دینا چاہیے، نہ کہ ان پر تنقید کرنی چاہیے۔ پارٹی کے ہر عہدیدار اور رکن کا حق ہے کہ وہ کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ اس میں خاتون اول پر تنقید اور ان کو بے جا اس معاملے میں لانا درست نہیں۔‘
سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ تنقید ہی اس بات پر ہو رہی ہے کہ فرحت شہزادی چونکہ خاتون اول کی قریب ترین دوست تصور کی جاتی ہیں لہٰذا اسی وجہ سے انہیں سینیٹ کا ٹکٹ دیا گیا۔
وہ ایک entrepreneur ہیں اور اپنا بزنس کرتی ہیں۔ ہمیں خواتین کو آگے آنے کا موقع دینا چاہئے نہ کہ ان پر بے جا تنقید کرنی چاہئیے۔پارٹی کے ہر عہدےدار اور ممبر کا حق ہے کہ وہ کاغذات جمع کروائے۔ اس میں خاتون اوّل پر تنقید کر نا اور ان کو بے جا اس معاملے میں لانا درست نہیں ہے۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) February 16, 2021