ریہانا پر ہندوؤں کے بھگوان کی توہین کا الزام، انڈیا میں نیا ہنگامہ
ریحانہ ان دنوں اپنے زیر جامہ برانڈ کی تشہیر کر رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی گلوکارہ ریہانا کی ہندوؤں کے بھگوان گنیش والے لاکٹ کے ساتھ نیم برہنہ تصویر پر انڈیا میں ایک نیا ہنگامہ کھڑا ہو گیا ہے اور ان پر الزام لگایا جا رہا ہے انہوں نے بھگوان کی توہین کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس سے قبل ریہانا نے انڈیا میں زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج کسانوں کی حمایت میں ٹویٹ کر کے انڈین حکومت کو ناراض کیا تھا۔
ریہانا ان دنوں اپنے زیر جامہ برانڈ کی تشہیر کر رہی ہیں۔
ریہانا نے یہ تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہے جس پر ان کے مداحوں کی تعداد 10 کروڑ سے زائد ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اسے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا ہے جس پر ان کے مداحوں کی تعداد نو کروڑ سے زیادہ ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اور انڈین سیاستدانوں نے بدھ کو اس تصویر کو ’توہین آمیز‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے ہندوؤں کے بھگوان کی بے عزتی کی ہے اور ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
بی جے پی کے رہنما رام قدم نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ دیکھ کر حیرانی ہوئی کہ ریہانا کتنی بے شرمی سے ہمارے پیارے بھگوان کی بے حرمتی کر رہی ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریحانہ کو انڈین ثقافت، روایات اور ہمارے مسائل کا کوئی علم نہیں ہے۔‘
ورلڈ ہندو کونسل نے کہا ہے کہ یہ تصویر پوسٹ کرنے پر فیس بک اور ٹوئٹر کے خلاف پولیس کو درخواست دی گئی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریہانا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف ایکشن لیا جائے۔
اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں ریہانا نے انڈیا میں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کے حق میں ٹویٹ کی تھی جسے انڈین وزارت خارجہ نے ’سنسنی خیزی‘ پھیلانے کے مترادف قرار دیا تھا۔