Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی کے جوڑے سے پرینکا چوپڑا کی گردن میں درد

پرینکا چوپڑا اور نک جونس کی شادی 2018 میں ہوئی تھی (فوٹو: پرینکا چوپڑا انسٹا گرام)
بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا ویسے تو اپنے شوہر نک جونس کے ساتھ اکثر اوقات خوشی اور محبت کا اظہار کرتی ہوئی نظر آتی ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے شادی کے منفی اور دردناک اثرات بھی گنوائے ہیں۔
ہالی وڈ اور بالی وڈ دونوں فلم انڈسٹریز میں نام بنانے والی معروف انڈین اداکارہ پرینکا چوپڑا کی شادی امریکی گلوکار نک جونس کے ساتھ 2018 میں ہوئی تھی۔
پرینکا چوپڑا نے ایک حالیہ ٹی وی شو کے دوران شادی کے دردناک لمحات کے بارے میں بتایا کہ ’شادی کے دن 23 میٹر لمبا عروسی لباس پہننے سے ان کی گردن میں شدید درد شروع ہو گیا تھا۔‘
پرینکا اپنی شادی پر دنیا کا سب سے طویل ویڈنگ ویل پہن کر ریکارڈ قائم کرنا چاہتی تھیں۔ ویڈنگ ویل عموماً ہلکے کپڑے کا بنایا جاتا ہے تاکہ دلہن آسانی سے اپنے سر پر پہن سکے اور اس ویل کا باقی حصہ پیچھے لٹک رہا ہوتا ہے۔
تاہم ان کے سفید رنگ کے عروسی جوڑے کا ویڈنگ ویل 23 میٹر لمبا تھا جس کو سر پر ٹھہرانا اور چلتے ہوئے اس کا وزن برداشت کرنا کافی مشکل کام تھا۔
اداکارہ نے ٹی وی شو کے دوران بتایا کہ ’اتنا لمبا ویڈنگ ویل پہننے سے ان کی گردن اور پٹھوں میں ابھی تک تکلیف ہے۔‘
ویسے تو پرینکا چوپڑا اپنی شادی پر سب سے طویل لباس پہن کر ریکارڈ قائم کرنا چاہتی تھیں لیکن شو کی میزبان نے انہیں بتایا کہ ’ایک اور خاتون نے 15 فٹ بال گراؤنڈز کے برابر کا ویڈنگ ویل پہن کر ان کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔‘
دونوں کے مذاہب کو مد نظر رکھتے ہوئے پرینکا چوپڑا اور نک جونس کی شادی کی کئی رسومات ہوئی تھیں۔
پرینکا چوپڑا نے عیسائی طرز کی شادی کے لیے سفید رنگ کے لباس کا انتخاب کیا تھا جس کا ویڈنگ ویل اتنا طویل تھا کہ اسے اٹھا کر چلنا کسی مشکل سے کم نہیں تھا۔ یہ لباس مشہور امریکی فیشن ہاؤس ریلف لارین نے تیار کیا تھا۔
جوڑے کی ہندو شادی جودھ پور کے تاریخی محل میں ہوئی تھی جس میں پرینکا چوپڑا نے سرخ رنگ کا روایتی لباس منتخب کیا تھا جبکہ نک جونس نے سفید شیروانی پہن رکھی تھی۔

شیئر: