ماں بیٹے کو جگانے گئی نہ اٹھا تو خود بھی چل بسی
یہ واقعہ مصری صوبے بنی سیوف میں پیش آیا ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)
مصر میں بیٹے کے انتقال کے بعد ماں اس کا غم برداشت نہ کر سکی اور خود بھی چل بسی۔
العربیہ اور اخبار 24 کے مطابق یہ واقعہ مصری صوبے بنی سیوف میں پیش آیا ہے۔
بنی سیوف کے قریے شیخ علی البہلول کے باشندوں نے پہلے نوجوان وکیل اور اس کے کچھ دیر بعد اس کی ماں کو سپرد خاک کیا۔
نوجوان وکیل احمد عبدالسلام مرسی کا سوتے ہوئے ہارٹ فیل ہوجانے سے انتقال ہوگیا تھا-
العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے قریے کے دو باشندوں نے بتایا کہ عبدالسلام مرسی کی عمر 35 برس تھی۔ وہ قریے میں اپنے خاندانی گھر آیا ہوا تھا۔ سوتے ہوئے حرکت قلب بند ہوجانے پر انتقال کر گیا۔
ماں اسے جگانے کے لیے گئی اور یہ دیکھ کر کہ اس کے بیٹے کی روح پرواز کر گئی ہے غم سے نڈھال ہو کر بیٹے کے پہلو میں گر کر زندگی کی بازی ہار گئی۔
شیخ علی البہلول قریے کے باشندوں نے بتایا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بیٹے اور ماں دونوں کا کا انتقال ہارٹ فیل ہونے کی وجہ سے ہوا ہے۔
ماں اور بیٹے کے جنازے میں نہ صرف یہ کہ بستی کے باشندے بلکہ آس پاس کے قریوں کے باشندے بھی شریک تھے۔ ہر ایک رنج و الم کی تصویر بنا ہوا تھا۔