کمیٹی نے تمام گورنریٹس کو سرکلر جاری کردیا ہے۔(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں شاہراہوں کے کنارے اور عوامی پارکوں میں کھجور کے درخت لگانے کی ممانعت کردی گئی ہے۔
سعودی کابینہ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے متعلقہ کمیٹی نے تمام گورنریٹس کو سرکلر جاری کردیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جو درخت لگائے جاچکے ہیں انہیں اکھاڑا نہ جائے بلکہ نئے درخت لگانے سے ٹھیکداروں کومنع کیا جائے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق مملکت میں کھجوروں کے امور کی نگران کمیٹی جس کی ذمہ داری’سرخ کھجور‘ کی فصل کو کیڑوں اور سنڈیوں سے محفوظ رکھنا ہے کی جانب سے گزشتہ ماہ کابینہ میں سفارشات ارسال کی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ کھجوروں کے درختوں کو شاہراہوں اور عوامی پارکوں میں نہ لگایا جائے تاکہ کھجور کی فصل کو ان کیڑوں سے محفوظ رکھاجاسکے۔
عوامی مقامات اور پارکوں میں لگے درختوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں ہوسکتی جس کی وجہ سے کھجوروں میں لگنے والی مخصوص سنڈی سے درخت متاثر ہوتے ہیں۔
کمیٹی وزارت ماحولیات پانی وزراعت کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے جس میں وزارت داخلہ ، ٹرانسپورٹ، وزارت بلدیات و دیہی ترقی کے علاوہ دیگر وزارتوں سے بھی نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے جو وسیع بنیاد پر تحقیق کرنے کے بعد حاصل ہونے والی رپورٹوں کی روشنی میں سفارشات مرتب کرتے ہیں۔
العربیہ نے اپنے ذرائع سے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ جو درخت ماضی میں( احکام صادر ہونے سے قبل ) لگائے جاچکے ہیں انہیں نہ اکھاڑا جائے بلکہ نئے درخت لگانے کی ممانعت کرنے کےلیے تمام بلدیاتی اداروں کو احکامات صادر کیے جائیں اور ان پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔