Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نااہلی کیس: ’کیا فیصل واوڈا قانون سے بالاتر ہیں؟‘

فیصل واوڈ کی طلبی کا حکم واپس لینے کی درخواست دائر کو کمیشن نے مسترد کر دیا: فوٹو پی آئی ڈی
الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو نااہلی کیس میں 10 مارچ کو طلب کر لیا ہے اور پچھلی سماعت میں ان پر عائد 50 ہزار روپے جرمانے کی رقم پاکستان سویٹ ہوم کو دینے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کو سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے وفاقی وزیر کی طلبی کے باوجود عدم حاضری پر سخت ریمارکس دیتے ہوئے ان کے وکیل محمد بن محسن سے کہا کہ صاف صاف بتائیں فیصل واوڈا کیوں نہیں آئے؟ کیا وہ قانون سے بالاتر ہیں؟
ممبر پنجاب الطاف ابراہیم کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کے طلب کرنے کے باوجود وفاقی وزیر فیصل واوڈا آج بھی پیش نہیں ہوئے۔
سماعت کے دوران وکیل محمد بن حسن نے کہا کہ گذشتہ سماعت کا حکم نامہ نہیں ملا جس میں فیصل واوڈا کو طلب کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کا حکم سر آنکھوں پر ہوگا۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ’جہاں اتنے جھوٹ بولے ایک جہاز کا ٹکٹ نہ ملنے کا بھی بول دیتے۔ ہم روایت نہیں بنانا چاہتے کہ اسمبلی خالی ہوتی جائے، فیصل واوڈا آکر بتا دیتے کہ میں نے اس تاریخ کو دہری شہریت چھوڑدی تھی۔‘
سماعت کے دوران فیصل واوڈا کے وکیل نے ذاتی حیثیت میں طلبی کا حکم واپس لینے کی درخواست دائر کر دی جسے کمیشن نے مسترد کر دیا اور وفاقی وزیر کو اگلی سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر کا کہنا تھا کہ ’کمیشن پہلے ہی حکم جاری کر چکا ہے۔ کس قانون کے تحت اپنے حکم پر نظرثانی کریں؟‘
 وکیل فیصل واووڈا نے کہا کہ’ پہلے کمیشن اپنے دائرہ اختیار اور درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ کرے۔ الیکشن کمیشن ڈیڑھ سال بعد نااہلی درخواستوں پر سماعت نہیں کر سکتا جس پر ممبر پنجاب الطاف قریشی نے کہا کہ قانون میں کہاں لکھا ہے کہ کمیشن کو سماعت کا اختیار نہیں؟ خوامخواہ کیس کو لٹکانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ آج تک فیصل واووڈا نے جواب بھی جمع نہیں کرایا۔‘
’بہتر ہوگا اپنا اور ہمارا وقت ضائع نہ کریں۔ فیصل واوڈا جس پارلیمان کے رکن ہیں کیا انہیں اس کی بالادستی کا احترام نہیں؟
بعد میں فیصل واوڈا کے وکیل نے ان کی عدم پیشی پر الیکشن کمیشن سے معذرت کر لی۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کی والدہ بیمار ہیں جس کے باعث وہ پیش نہیں ہو سکے۔ فیصل واوڈا کا جواب پہلے ہی جمع کروا چکے ہیں۔
ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصرنے کہا کہ الیکشن ٹربیونل کراچی نے فیصل واوڈا کے سینیٹ الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کی سماعت کرتے ہوئے دوہری شہریت کا معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھانے کا کہا تھا۔
انہوں نے کہا الیکشن کمیشن ہی متعلقہ فورم ہے جو یہ کیس سن سکتا۔
الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کی درخواستوں پر سماعت 10 مارچ تک ملتوی کر دی۔

شیئر: