پاکستان کی حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا ٹیلی ویژن پروگرام میں فوجی بوٹ لے کر پہنچے تو پینل میں شامل دیگر مہمان پروگرام چھوڑ کر چلے گئے۔
منگل کو نجی ٹی وی چینل اے آر وائی پر کاشف عباسی کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر فوج کے زیر استعمال رہنے والا سیاہ بوٹ اپنے ہمراہ لے آئے۔
پروگرام کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گفتگو کے دوران فیصل واوڈا اپنے پاس موجود جوتا اٹھا کر ٹیبل پر رکھتے ہیں اور ساتھ ہی کہتے ہیں کہ 'بوٹ کی چمک بتا رہی ہے زبان سے چمکایا گیا ہے۔‘ جس پر پروگرام کے میزبان کاشف عباسی منہ پر ہاتھ رکھ کر سر جھکا لیتے ہیں۔
فیصل واوڈا کے اس اقدام کے بعد پروگرام میں مدعو کیے گئے دیگر مہمان پیپلزپارٹی کے قمر زمان کائرہ اور ن لیگ کے بیرسٹر جاوید عباسی پروگرام چھوڑ کر چلے گئے۔
وفاقی وزیر کے اس اقدام پر سوشل میڈیا صارفین کا ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ حکومت کے حامی فیصل واوڈا کی حمایت میں بول رہے ہیں جبکہ مخالفین انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
فیصل واوڈا کی جانب سے فوجی بوٹ کی نمائش کے بعد سوشل میڈیا خصوصا ٹوئٹر پر ان کا نام اور #بوٹ_کوعزت_دو پر مبنی ہیش ٹیگز کے ساتھ ٹویٹس کی جاتی رہیں۔
فیصل واوڈا نے پروگرام میں گفتگو کے دوران اچانک فوجی جوتا اٹھا کر ٹیبل پر رکھ دیا۔ فوٹو: پی آئی ڈی
کراچی سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا اس سے قبل بھی اپنی خلاف معمول سرگرمیوں یا گفتگو کی وجہ سے خبروں کا حصہ بنتے رہے ہیں۔
چند ماہ قبل کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشتگرد حملے کے دوران وہ اپنا پستول لیے جائے واقعہ پر پہنچ گئے تھے۔ ہیوی بائک اور قیمتی کاروں کے ساتھ ان کی تصاویر بھی منفرد خبروں کی شکل اختیار کرتی رہی ہیں۔